خواہش کے باوجود پی ٹی آئی نے سینئر نائب صدر شیر افضل کو مطلوبہ حلقے سے ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سامنے آگئی

پشاور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو ان کی خواہش کے باوجود پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقے کے لیے ٹکٹ جاری نہ کیا . پارٹی ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت این اے 32 پشاور سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند تھے تاہم پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت شیر افضل مروت کے پشاور سے الیکشن لڑنے پر رضامند نہیں تھی اس لیے انہیں ٹکٹ بھی نہ مل سکا .

جیو نیوز کے مطابق شیر افضل مروت نے پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 32 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن گزشتہ روز پی ٹی آئی نے پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جس میں شیر افضل کو پشاور سے ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا . ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو این اے 32 پشاورکا ٹکٹ نہیں دیا گیا، حلقہ این اے 32 پشاور سے آصف خان پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے .

اس حوالے سے شیر افضل مروت کا کہنا ہے مجھے آبائی حلقے این اے 41 لکی مروت کا ٹکٹ دیا گیا ہے، مجھے انتخابی معرکے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، عمران خان نے مجھ پر اور لکی مروت کے لوگوں پر اعتماد کیا ہے . خیال رہے کہ این اے 32 پشاور سے اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور بھی الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے آصف خان سے ہو گا .

. .

متعلقہ خبریں