بلوچستان کے عوام کیلئے صحت کے معیاری علاج کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، ربابہ بلیدی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ویژن کے مطابق بلوچستان میں غریب افراد اور کم آمدنی والے گھرانوں کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا جلد کردیا جائیگا منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لیے تیکنیکی امور حتمی مراحل میں ہیں یہ بات انہوں نے بلوچستان ہیلتھ کارڈ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے اٹھارہ لاکھ سے زائد مستقل رہائشی خاندانوں کو سالانہ دس لاکھ روپے تک سرکاری اخراجات پر پاکستان کی نامور نجی و سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی اور کارڈ دہندگان اس سہولت کے تحت تمام اقسام کے کینسر، امراض گردہ و مثانہ بشمول ڈائیلاسز و پیوند کاری، چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ، شوگر، امراض قلب و شریان، نیورو سرجری، پروستھیٹکس، اتفاقی حادثات سمیت ہر قسم کی ایمرجنسی میں اپنا علاج معالجہ سرکاری اخراجات پر معیاری اسپتالوں سے کراسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوشل ہیلتھ پروٹیکشن انیشیٹیو کے تحت یہ منصوبہ صحت عامہ کا وہ تاریخ ساز منصوبہ ہے جس کے ثمرات براہ راست غریب اور عام آدمی کو ملیں گے اور معیاری طبی سہولیات غریب افراد کی دسترس میں ہونگی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں غریب افراد کی آمدن کا ایک بڑا حصہ علاج معالجے کی نظر ہوجاتا ہے جس سے شرح غربت میں اضافہ ہوتا ہے صحت عامہ کی تحفظ کے اس سماجی اقدام سے نہ صرف عوام کو علاج معالجے کے مختلف آپشن میسر آئیں گے بلکہ صحت پر خرچ ہونے والے اخراجات سرکاری زمرے میں منتقل ہو جانے سے آمدن کا توازن غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا اور غریب افراد یہی وسائل اپنی دیگر سماجی ضروریات کے لئے استعمال کرسکیں گے . .

.

متعلقہ خبریں