خیبر(قدرت روزنامہ) طورخم سرحدی گزر گاہ دو طرفہ تجارت کے لیے آج چھٹے روز بھی بند ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں .
کسٹمز ذرائع کے مطابق بغیر سفری دستاویزات کے افغانستان سے داخل ہونے والی گاڑیوں پر 6 روز قبل پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد سرحدی گزر گاہ کے دونوں جانب مال بردار ہزاروں گاڑیاں طورخم بارڈر بند ہونے کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہیں .
اُدھر افغان فورسز نے بھی پاکستانی کارگو گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا ہے .
ڈرائیورز کے لیے سفری دستاویزات کا فیصلہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے کیا تھا . طورخم سرحدی گزرگاہ سے یومیہ 3 ملین ڈالرز کی ایکسپورٹ کی جاتی ہے جب کہ افغانستان کے ساتھ یومیہ درآمدات کا حجم 540 ملین روپے ہے .
کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ امپورٹ ایکسپورٹ سے ملکی خزانے کو یومیہ 5 کروڑ روپے ریونیو جمع ہوتا ہے .
طورخم سرحدی گزرگاہ پیدل آمدورفت کے لیے معمول کے مطابق بحال ہے .
. .