پشاور میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار شہید، سرکاری افسر زخمی

پشاور(قدرت روزنامہ)داؤد زئی کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا .

گلبیلہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کانسٹیبل کامران تاج ولد ملک تاج سکنہ گلبیلہ کو نشانہ بنایا .

کامران تاج تھانہ خان رازق شہید (کابلی) میں کمپیوٹر آپریٹر تعینات تھے . واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی رورل ڈویژن ظفر احمد خان دیگر پولیس افسران کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے . پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے گواہوں کے بیانات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا .

ایس پی رورل ڈویژن ظفر احمد خان نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل کامران اپنے بچوں کو اسکول وین تک چھوڑنے آیا تھا . حملہ آور فائرنگ کے بعد کھیتوں میں پیدل فرار ہوگئے . حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے . شہر بھر میں ناکہ بندیوں پر چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے .

دوسرا واقعہ گلبہار میں پیش آیا جہاں سرکاری گاڑی پر فائرنگ سے سوشل ویلفیئر کا آفیسر زخمی ہوگیا . عشرت سینما چوک کے قریب محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی . وہ گھر سے ڈیوٹی کے لئے نکلا تھا کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کی .

. .

متعلقہ خبریں