“فلموں میں کام نہیں ملا تو سڑکوں پر اداکاری کروں گا”، نوازالدین صدیقی

ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے معروف اور باصلاحیت اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ اگر اُنہیں مستقبل میں فلموں میں کام نہیں ملا تو وہ سڑکوں، ٹرین یا بسوں میں اداکاری کریں گے کیونکہ اُن کے لیے اداکاری اہم ہے . نوازالدین صدیقی کا بالی ووڈ کا سفر شاندار ہے، اُنہوں نے کئی فلموں میں منفرد کردار ادا کرکے اداکاری کی دُنیا میں اپنی ایک خاص پہچان بنائی ہے، وہ بالی ووڈ کے سب سے نمایاں اور باصلاحیت اداکاروں میں سے ایک ہیں .

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں نوازالدین صدیقی نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اداکاری سے اپنی محبت کے بارے میں بات کی . نوازالدین صدیقی نے کہا کہ “اگر مستقبل میں میرے پاس کام نہیں ہوا تو میرے پاس اتنی طاقت نہیں کہ میں کسی سے جاکر کام مانگ سکوں، میں کسی سے یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے فلموں میں کام دو” . اداکار نے کہا کہ “اگر مجھے فلموں میں کام نہیں ملا تو میں اپنا گھر، اپنے جوتے اور سب کچھ بیچ کر خود فلم بناؤں گا اور مجھے خود پر اتنا یقین ہے کہ میں فلم بنا سکتا ہوں” . انہوں نے کہا کہ “میرے لیے اداکاری اہم ہے لیکن صرف فلموں میں نہیں بلکہ میں کام نہ ہونے کی صورت میں سڑکوں، ٹرین یا بسوں میں اداکاری کروں گا” . نوازالدین صدیقی نے یہ بھی کہا کہ “مجھے بطور اداکار اس قدر کامیاب کیریئر کی توقع نہیں تھی، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں فلموں میں کام کرنے کے قابل ہو جاؤں گا کیونکہ میں گھبراتا تھا اور چیزوں کو سمجھنے میں وقت لیتا تھا” . اداکار نے مزید کہا کہ “میں جب غصے میں ہوتا ہوں تو اپنے پُرانے وقت میں واپس چلا جاتا ہوں کیونکہ میں نے زندگی میں کچھ چیزیں حاصل کیں اور وہ مجھ سے چلی گئیں” . یاد رہے کہ نواز الدین صدیقی عامر خان کی فلم سرفروش، منا بھائی ایم بی بی ایس، گینگ آف واسع پور، ریڈی سمیت بجرنگی بھائی جان میں بھی کام کر چکے ہیں جبکہ اب وہ فلموں میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں . . .

متعلقہ خبریں