ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری، الیکشن مہم میں خلل کا خدشہ

پشاور / اسلام آباد(قدرت روزنامہ) خیبر پختون خوا کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے .

کے پی کے تمام سرد ترین علاقوں کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی .

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے مزید دو دن جاری رہنے کا امکان ہے .

پشاور میں گزشتہ رات کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش ہوئی جبکہ آج بھی شہر میں گہرے بادل چھائے ہیں .

چترال میں لواری ٹنل پر پہلے سے موجود برف پر مزید برف پڑی ہے . سیاح لواری ٹنل اور برف دیکھنے کیلئے چترال پہنچنے لگے . کالاش ویلیز میں برفباری سے مقامی نوجوانوں کیلئے کریک گاڑ (سنو گالف ) کی راہ ہموار ہو گئی .

لوئر چترال کی بالائی تحصیل لٹکوہ گرم چشمہ کے علاقہ گبور ،مڈکلشٹ ،بگوشٹ جبکہ اپر چترال کے مقامات تریچ، کھوت ،ریچ ، بروغل میں بھی برفباری ہورہی ہے جس سے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ اور سردی میں بھی اضافہ ہوگیا . چترال میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے الیکشن مہم میں خلل پڑنے کا خدشہ بھی ہے .

ادھر مری میں بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے . پچھلے تین گھنٹے میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے اور اگلے تین سے پانچ گھنٹے تک شدید برف باری کے امکانات ہیں .

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی جبکہ چند علاقوں میں قدرے تیزبارش ریکارڈ ہوئی اور آج بھی بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے .

. .

متعلقہ خبریں