ایبٹ آباد(قدرت روزنامہ) ایبٹ آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما عمران عمی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا . ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق عمران عمی نے حال ہی میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی .
گزشتہ روز ان کے گھر کے باہر ہی ان پر حملہ کیا گیا . نامعلوم افراد فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے .
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں عمران عمی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی . پولیس کی طرف سے قتل کی اس واردات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں . اس لرزہ خیز واردات کے سبب عام انتخابات کے ہنگام ایبٹ آباد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہر میں سکیورٹی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے .
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں باجوڑ میں پی ٹی آئی ہی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحان زیب کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا . وہ اپنی الیکشن مہم کے سلسلے میں صادق آباد پھاٹک بازار کے علاقے میں موجود تھے جہاں ان پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے .