پاکستان انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے، رانا ثناء اللّٰہ


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے، سازش کے تحت پاکستان کو پیچھے کی طرف دھکیلا گیا . فیصل آباد میں مرکزی علماء کونسل کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مہنگائی نے پورے ملک کو جکڑا ہوا ہے، حالات خراب یہی ہیں کہ مہنگائی ہے، عام آدمی پریشان ہے .


انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت پر مرکزی علماء کونسل کا مشکور ہوں، تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں .
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کنٹرول ہو جائے تو ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا، آپ ہم پر اعتماد کریں، ہم مہنگائی کے سیلاب کو ٹالیں گے، پاکستان اس وقت بہت مشکل حالات سے دوچار ہے، 2017ء میں پاکستان ترقی کے ٹریک پر تھا .
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے وعدہ کیا ہے قوم اعتبار کرے مہنگائی ختم کریں گے، قوم اعتبار کرے کیونکہ اس سے قبل دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پایا، 8 فروری کے بعد ن لیگ مرکز اور صوبے میں حکومت بنائے گی .
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہم نے نہیں کیا جس نے کیا سب کو معلوم ہے، ملک پر مسلط ہونے والے نمونے نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، معاہدہ میں طے ہے کہ حکومت سبسڈی نہیں دے گی جس کی وجہ سے اشیا سستی نہیں کی جاسکتیں، آئی ایم ایف کا معاہدہ جون میں ختم ہو رہا ہے، سبسڈی دیے بغیر گزارا نہیں ہے، 8 فروری کے بعد طریقے کار طے کر کے مہنگائی کو ختم کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں