کیا قطر میں قید بھارتی جاسوسوں کی رہائی میں اداکار شاہ رخ خان نے کردار ادا کیا؟

(قدرت روزنامہ)بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما اور راجیہ سبھا(ایوان بالا) کے سابق رکن سبرامنیم سوامی نے انکشاف کیا ہے کہ قطر میں سزائے موت پانے والے 8 بھارتی جاسوسوں کی رہائی کے پیچھے بالی وڈ کنگ اداکار شاہ رخ خان کا ہاتھ ہے .

سبرامنیم سوامی نے سوشل میڈیا ایکس پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار اور قومی سلامتی کے مشیر قطر کو ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکاروں کو رہا کرنے پر راضی کرنے میں ناکام ہوگئے تھے، ان کی ناکامی کے بعد یہ شاہ رخ ہی تھے جو قطر سے ہندوستانی جاسوسوں کو بحفاظت رہا کروانے میں کامیاب ہوئے .

سبرامنیم سوامی کہا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوسوں کی رہائی کے لیے قطر کے شیوخ کو منانے میں ناکامی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان سے مداخلت کرنے کی درخواست کی اور اس طرح قطر سے بھارتی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوئی، بھارتی بحریہ کے افسران کو قطری حکومت سے رہا کرانے کے لیے مہنگی سیٹلمنٹ کی گئی .

جیسے ہی سوامی نے قطر سے ہندوستانیوں کی رہائی کو محفوظ بنانے میں شاہ رخ کے کردار کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تو بھارتی صارفین نے شاہ رخ خان کی کوشش کو خوب سراہا اور ان کا شکریہ ادا کرنا شروع کردیا .

اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’میں دو دنوں میں مختلف پروگراموں میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کروں گا، جس سے ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے باہمی تعلقات مزید گہرے ہوں گے . وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ میرا متحدہ عرب امارات کا ساتواں دورہ ہوگا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم مضبوط ہندوستان-یو اے ای دوستی کو ترجیح دیتے ہیں . ‘

نریندر مودی نے لکھا تھا کہ ’میں اپنے بھائی محمد بن زید سے ملنے کے لیے بے چین ہوں . مجھے متحدہ عرب امارات میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا، میں ابوظہبی میں ایک کمیونٹی پروگرام میں ہندوستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کروں گا اور ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بھی بات کروں گا، دبئی میں محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کروں گا، میں شیخ تمیم بن حماد سے ملاقات کا منتظر ہوں، جن کی قیادت میں قطر بے پناہ ترقی کررہا ہے .

شاہ رخ خان کی تردید
شاہ رخ خان کے دفتر سے جاری آفیشل بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر سے بھارتی بحریہ کے افسران کی رہائی میں شاہ رخ خان کے ملوث ہونے کوئی بھی دعوے بے بنیاد ہیں .

بیان میں کہا گیا ہے اس کامیابی میں صرف اور صرف ہندوستانی حکومت کا کردار رہا ہے، واضح طور پر مسٹر خان کی اس معاملے میں شرکت کی تردید کرتے ہیں .

بیان میں مزید کہا گیا ہے بہت سے دوسرے ہندوستانیوں کی طرح شاہ رخ خان بھی خوش ہیں کہ بحریہ کے افسران محفوظ طور پر گھر پہنچے ہیں، شاہ رخ خان نے ان افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں