کراچی(قدرت روزنامہ) سیشن جج لاڑلانہ نے سنگین نتائج کی دھمکیوں اور دباؤ کےالزامات عائد کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا .
ذرائع کے مطابق سیشن جج لاڑکانہ سید شرف الدین شاہ کا استعفا سندھ ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا .
استعفے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جسٹس سلیم جیسر کے منشی کے بیٹے کو سن کوٹے پر نوکری نہ دینے پر منشی نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں .
سیشن جج نے اپنے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے لکھا کہ مطلوبہ شرط یعنی میڈیکل چیک اپ کے بغیرتقرر نامہ جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا . ایڈیشنل رجسٹرار نے لینڈ لائن نمبر پر جسٹس سلیم جیسر کے منشی کے بیٹے کو تقرر نامہ دینے کا کہا .
استعفے میں کہا گیا ہے کہ میری تضحیک کے لیے لاڑکانہ میں ماتحت عدالتوں کے انسپکشن کی رپورٹ وائرل کی گئی . جسٹس سلیم جیسر کی انسپکشن کے دوران لکھے گئے نوٹس بھی سوشل میڈیا پر وائرل کروائے گئے . بنا کسی ثبوت کے غلط نوٹسز تحریر کیے گئے اور احکامات پر انسپکشن کے دوران لکھے گئے نوٹسز میری ذاتی فائل میں شامل کیے گئے .
سیشن جج لاڑکانہ سید شرف الدین شاہ نے اپنے استعفے میں لکھا کہ 27 سال عدلیہ کا حصہ رہا ہوں، اس ذلت کے ماحول میں ملازمت نہیں کرسکتا .