وقت آگیا ہے بڑے فیصلے کریں، پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہوگا، وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ سالوں میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا، ذاتیات سے بالاتر ہو کر نفرت کو ختم کرنا ہے .
مظفرآباد دورے کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بارشوں سے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا .

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، حکومت بغیر کسی تاخیرکے کشمیری بہن بھائیوں کی مدد کرے گی .
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت کے باعث زخمی افراد کو 5،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے . جو مکانات جزوی تباہ ہوئے ہیں انہیں ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، آزاد کشمیر میں قدرتی آفات سے 8 افراد جاں بحق ہوئے .
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے سامنے سرجھکانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے . متاثرین کے گھروں کو آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، این ڈی ایم اے کو کہا جہاں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہو استعمال کریں .
وزیراعظم نے کہا کہ شدید متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے کو ہیلی کاپٹر مہیا کر رہے ہیں . پاکستان جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا . ٹیکس چور مافیا ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بڑے فیصلے کریں، کڑوے فیصلے اشرافیہ کے لیے ہوں گے .

. .

متعلقہ خبریں