خضدار: رہنما پیپلزپارٹی حاجی علی حسن ’ڈکیتوں‘ کے ہاتھوں قتل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خضدار ٹاؤن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور معروف کاروباری شخصیت حاجی علی حسن محمد حسنی کو ان کے گھر پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر قتل کر دیا . ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خضدار کے نواحی علاقے بازگیر میں ڈاکوؤں کا ایک گروپ پیپلز پارٹی رہنما کے گھر میں گھس آیا اور اتوار (10 مارچ) کی صبح سویرے خاندان کے تمام افراد کو یرغمال بنا لیا .

پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے پیپلز پارٹی رہنما کے گھر سے زیورات، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا . ڈاکوؤں نے گھر سے جاتے وقت پیپلز پارٹی کے رہنما پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تمام ڈاکو فرار ہو گئے . پولیس افسر عبدالعزیز کھدرانی نے ڈان کو بتایا کہ یہ ڈکیتی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے . تاہم انہوں نے حملے کو ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں . لاش کو لواحقین کے حوالے کرنے سے قبل ڈسٹرکٹ ہسپتال خضدار پہنچایا گیا . پیپلز پارٹی رہنما کے لواحقین بعد ازاں لاش قومی شاہراہ پر لے گئے جہاں انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے خضدار اور کراچی کے درمیان ٹریفک بلاک کر دی . بعد ازاں مقامی انتظامیہ کی یقین دہانی پر لواحقین نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا . . .

متعلقہ خبریں