بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری، 9 افراد جاں بحق


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے دارالحکومت سمیت مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات میں اموات کی تعداد 9 تک پہنچ گئی . صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 27 فروری سے 12 مارچ تک کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں 259 مکانات مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1040 کو جزوی نقصان پہنچا ہے .


بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں کوئٹہ، خاران، کیچ، بارکھان، چمن اور پشین سمیت مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے . پی ڈی ایم اکے مطابق موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوئیں .
محکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اور دیگر اضلاع چمن، زیارت، پشین، قلات، چاغی، سوراب، سبی ، نصیرآباد، مستونگ، نوشکی ، لورالائی ہرنائی، شیرانی، ژوب، موسیٰ خیل، کوہلو، قلعہ سیف اللہ اورقلعہ عبداللہ میں بارش و برفباری متوقع ہے .
پی ڈی ایم اے کے مطابق گوادر سمیت دیگرمتاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرین کے لیے مذکورہ اضلاع میں خوراک، خیمے میں دیگر امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے .
منگل کی شب بھی زیارت اور سنجاوی میں برفباری ہوئی جس کے باعث موسم سرد ہوگیا جبکہ کوئٹہ میں ہونے والی بدترین طوفانی بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی . محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، قلات، نصریب آباد سمیت گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری جو اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے .

. .

متعلقہ خبریں