سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی کا مراد سعید، اعظم سواتی اور یاسمین راشد کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے امیداروں کے نام فائنل کرنا شروع کر دیے ہیں . اس سلسلے میں پنجاب سے 2 جنرل، ایک مخصوص اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیداروں کے نام فائنل بھی کیے جاچکے ہیں .


پنجاب سے 2 جنرل نشستوں پر زلفی بخاری اور حامد خان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ خواتین کی نشست پر یاسمین راشد اور ٹینکوکریٹ کی ایک نشست پر بریگیڈئیر ریٹائرڈ مصدق امیدوار ہوں گے . پنجاب سے سلمان اکرم راجہ اور ابوذر سلمان نیازی بھی سینیٹ کے امیدوار بننے کے خواہش مند تھے تاہم ان کے نام کی منظوری نہیں دی گئی .
دوسری جانب، خیبر پختونخوا سے سینیٹ کے امیدواروں کا اعلان بھی جمعہ تک متوقع ہے . ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی بھی سینیٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے .
خیبر پختونخوا سے وکیل رہنما قاضی انور بھی ٹینکوکریٹ کی نشست پر سینیٹ کے امیدوار ہوں گے جبکہ فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، عرفان سلیم، شفقت ایاز بھی سینیٹ کے ٹکٹ کے حصول کے لیے دوڑ میں شامل ہیں .
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے، جس کے لیے کاغذات نامزدگی 15 سے 16 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19مارچ کو ہوگی .
الیکشن کمیشن کے مطابق، الیکشن ٹریبیونل 25 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے اور امیدواروں کی فہرست 26 مارچ کوآویزاں کی جائے گی جب کہ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے . الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق، سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی .

. .

متعلقہ خبریں