اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان کو متعدد بار دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق ثبوت فراہم کیے ہیں .
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے افغانستان میں دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کی .
کارروائی میں افغانستان کی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا . افغانستان کو متعدد بار دہشتگردوں کی موجودگی کے ثبوت دئیے . اپنی سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے .
ترجمان نے مزید کہا کہ 18 مارچ کو خفیہ اطلاعات پر ٹی ٹی پی اور گل بہادر گروپ کے خلاف آپریشن کیا گیا . تازہ اطلاعات کے مطابق افغان سرحد پر امن ہے . پاکستان افغانستان کے ساتھ مشترکہ طور پر سرحدی اور دیگر معاملات حل کرنے کی خواہش رکھتا ہے . افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں اسپتالوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے . معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بربریت سے کم نہیں . بے گناہ افراد،شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے .
دفترخارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر چکا ہے . مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں . مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں . کشمیر یوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے . مسئلہ کے حل تک پاکستان کشمیر یوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا .