اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مبینہ طور پر بھائی نے اپنے والد کی مدد سے بہن کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا .
والد اور بھائی کی جانب سے گلا گھونٹ کر قتل ہونے والی لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرکے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیج دیے گئے .
ڈسٹرکٹ پولیس افسر عبادت نثار نے میڈیا کو بتایا کہ شکوک و شبہات ہیں کہ مقتولہ ماریہ کو دونوں ملزمان، اس کے بھائی فیصل اور والد عبدالستار نے ’بدفعلی‘ کا نشانہ بنایا، وہ حاملہ ہو چکی تھی اور ملزمان نے لڑکی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا .
انہوں نے کہا کہ ماریہ کے ایک اور بھائی شہباز نے قتل ویڈیو بنائی اور اس نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی .
تاہم پولیس نے صدر پولیس کے سب انسپکٹر احمد رضا کی شکایت پر دونوں بھائیوں اور ان کے والد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے .
عبادت نثار نے کہا کہ فرانزک لیب کی رپورٹ سے تصدیق ہو جائے گی کہ مقتولہ کو کیسے قتل کیا گیا اور وہ حاملہ تھی یا نہیں .
اسی دوران فیصل کی بہنوئی نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ فیصل نے قتل کے بارے میں کسی کو بتانے پر اسے اور اس کے بچوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، انہوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ متاثرہ خاتون نے انہیں ’بدفعلی‘ کے بارے میں بتایا تھا .
یہ واقعہ 17 اور 18 مارچ کی درمیانی رات پیش آیا تھا اور اہل خانہ نے ماریہ کو گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا تھا .
دوسرے دن اس قتل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی، اطلاعات کے مطابق شہباز نے ویڈیو ایک وکیل کے ساتھ شیئر کی تھی جس نے اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا .
دل دہلا دینے والی ویڈیو میں مرکزی ملزم فیصل کو اپنی بہن کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ اس کے والد کو چارپائی پر بیٹھے دیکھا گیا ہے، اس میں متاثرہ خاتون کی بھابی کو بھی دیکھا گیا .