تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس: عدالت کا فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم پنڈ دادن خان پروجیکٹ میں خوردبُرد کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، فواد چوہدری کی جانب سے وکیل قیصر امام عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل قیصر امام نے دلائل دیے کہ 18 دسمبر 2023 کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، فواد چوہدری پر پانچ الزامات لگائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الزام ہے کہ فواد چوہدری نے سیاسی اثر رسوخ کو پروجیکٹ میں استعمال کیا ہے۔
پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے پاس گواہ ہے جو کہتا ہے کہ فواد چوہدری نے 50 لاکھ روپے رشوت لی، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ پچاس لاکھ روپے نیب کے دائرہ اختیار میں کیسے آتا ہے؟
نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ کیس ابھی انکوائری اسٹیج پر ہے، مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، ایکنیک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو لکھ رکھے ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ نیب نے شواہد کے لیے بعد میں لکھا اور بندہ پہلے گرفتار کر لیا؟ نیب کے پاس فواد چوہدری کے خلاف سب سے مرکزی شواہد کیا ہیں؟
نیب پراسیکیوٹر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دینے پر چیف جسٹس عامر فاروق برہم ہو گئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق کے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کو چھوڑیں، پہلے شواہد تو بتائیں۔
بعد ازاں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کر لیں۔
فواد چوہدری نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں، انہوں نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
خیال رہے کہ 16 دسمبر 2023 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے جہلم پنڈدادن روڈ کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وارنٹ تعمیل کروانے کی اجازت دے دی تھی۔
20 دسمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پنڈ دادن خان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا تھا۔
بعدازاں 30 دسمبر کو عدالت نے پنڈ دادن خان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔
5 جنوری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جہلم کے تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، اسی طرح 9 اور 12 جنوری کو بھی 3، 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔
7 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری سے جیل میں اہل خانہ کی ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کردیا تھا۔
11 مارچ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبُرد کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 مارچ تک توسیع کردی تھی۔

Recent Posts

چیمپئینز ٹرافی؛ بھارت نے پاکستان سے میزبانی چھیننے کا منصوبہ بنالیا

پاکستان کی دستبرداری پر بھارت خود ایونٹ کے میزبان کیلئے پیش کرے گا، رپورٹس اسلام…

7 mins ago

وزیر مملکت برائے خزانہ نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا کُلیہ پیش کردیا

وزیر اعظم نے ایف بی آر کو تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کو کم…

19 mins ago

بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے دراصل پاکستان کیوں نہیں آ رہا ؟ تہلکہ خیز انکشاف

بھارت کے معروف سپورٹس صحافی وکرانت گپتا اور پاکستان کے سینئر صحافی حامد میر کی…

31 mins ago

پاکستان خطے اور عالمی امن کے لیے اپنا مثبت کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

  اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری) نے…

44 mins ago

سونے کی قیمت میں اچانک بڑی کمی

مقامی مارکیٹ میں سونا فی تولہ 5500 روپے سستا کراچی (قدرت روزنامہ)ملک میں فی تولہ…

56 mins ago

190ملین پاؤنڈکیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر 9صفحات کا فیصلہ جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پاؤنڈکیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ…

1 hour ago