پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹ الیکشن کے امیدوار مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت دیگر کی کاغذات کی منظوری کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواستیں خارج کر دیں .
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے مراد سعید کے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات منظوری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی .
مراد سعید کے وکیل نے بتایا کہ تاج محمد آفریدی نے کاغذات واپس لیے ہیں اب وہ سینیٹ امیدوار نہیں، امیدوار نہ ہونے کی صورت میں اعتراض نہیں کرسکتے .
عامر جاوید ایڈووکیٹ نےعدالت میں مؤقف اپنایا کہ درخواست دائر کرتے وقت تاج آفریدی امیدوارتھے، مراد سعید نے مقدمات سے متعلق درست تفصیل نہیں فراہم کی، اثاثے ظاہر کئے اور نہ ہی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عائد جرمانہ جمع کروایا .
عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مراد سعید کے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جرمانہ جمع نہ کرانے پر مسترد ہوئے تھے، اپیل خود دائر کرنا ہوتی ہے لیکن وہ مفرور ہیں .
جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ہونے سے متعلق سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے، مقدمات کی تفصیل کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جبکہ اثاثے ظاہر کیے گئے ہیں، ایف بی آر کی دستاویز ساتھ موجود ہیں . تصدیق اور تائید کنندہ خود آر او کے سامنے پیش ہوئے تو دستخط کیسے جعلی ہو سکتے ہیں، مراد سعید نے بھی دستخط کیے، ویڈیو آر او کو دکھائی بھی ہے .
بعدازاں عدالت نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے مراد سعید، اعظم سواتی، فیصل جاوید، خرم ذیشان اور اظہر مشوانی کی کاغذات منظوری کیخلاف درخواستیں خارج کر دیں .