اسٹریٹ کرائم کیخلاف بیان پر جواب آیا اپنے کام سے کام رکھیں: گورنر سندھ کامران ٹیسوری


کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پرسوں میں نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف بیان دیا، جس پر جواب آیا کہ اپنے کام سے کام رکھیں . گورنر ہاؤس کراچی میں سحری کا اہتمام کیا گیا جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، صوبے میں کچے کے ڈاکوؤں کا اثر بھی بڑھ رہا ہے .


ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ جہاں کاروبار ہو گا وہاِں کرائم ہو گا، مگر دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، دنیا میں ایسا نہیں کہ لوگوں کی جان لی جائے، بچیوں کے ساتھ زنا کیا جائے . گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کوئی پارٹی نہیں چاہتی کہ شہر میں کرائم ہو، میں خود چل کر وزیرِ اعلیٰ سندھ اور خالد مقبول کے پاس جاؤں گا، خوشی کی بات ہے کہ بلاول نے کہا کہ ہم کراچی کو اون کریں گے .
انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں 2 لاکھ سے زائد لوگوں کا آئی ٹی ٹیسٹ لینے جا رہے ہیں، 50 ہزار لوگوں کے لیے آئی ٹی یونیورسٹی کا انتظام کر رہے ہیں، حیدر آباد کے بعد میر پور خاص اور دیگراضلاع میں آئی ٹی پروگرام شروع کریں گے .
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں مدینہ کی ریاست کے اصولوں کو اپنایا جائے گا، گورنر ہاؤس کے اکاؤنٹس کو سود سے پاک کیا جائے گا، یہاں 5 وقت نماز کی پابندی کی جائے گی .
انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں لوگوں کو آئی ٹی کی تعلیم دی جا رہی ہے، یہاں سے لوگوں کو راشن بھی دیا جا رہا ہے، گورنر ہاؤس کے باہر لوگوں کی مدد کے لیے گھنٹی بھی لگائی جا رہی ہے .
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا مزید کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن کو سندھ اسمبلی آنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہمیں ماننا ہو گا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماننا ہو گا کہ کراچی اور حیدر آباد میں ایم کیو ایم کو مینڈیٹ ملا ہے، ہر اچھے کام میں پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنا چاہیے .

. .

متعلقہ خبریں