وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں آئندہ 2روز کیلیے سیکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ دو روز کے لیے کراچی میں سیکیورٹی سخت اور نگرانی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے . وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت شہر کراچی میں امن امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ڈی آئی جی مقدس حیدر، ایس ایس پی اے وی سی سی ظفر صدیقی، ڈی ایس پی قیصر شاہ، انسپیکٹر عابد حسین، سب انسپیکٹر غلام رسول، ہیڈ کانسٹیبل طارق صمد، خاور یوسف، لیڈی پولیس کانسٹیبل عریشا ناز اور دیگر پولیس افسران شریک ہوئے .

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہر لحاظ سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے . وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیہ میں چھاپہ مار کر دو مغویوں کی بازیابی پر پولیس کو شاباش بھی دی . انہوں نے کہا کہ یہ اغوا کاروں کا گروپ ملک سے باہر بیٹھ کر کراچی میں اغوا برائے تاوان میں ملوث ہے . ایٖڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ ہم نے گروپ کی شناخت کی ہے اور جلد ان کو گرفتار کریں گے . سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس اس طرح کے بہترین کام کرے گی تو جرائم ختم ہوں گے . وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پولیس کے سربراہ کو کہا کہ وہ پولیس کو ان کی طرف سے ہمت افزائی کریں، میں خود بھی جلد پولیس اہلکاروں سے ملاقات کروں گا، کراچی پولیس ایک اچھی فورس ہے . ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ کراچی میں روزانہ 166 مقدمات ہوتے ہیں جو ملک کے دیگر بڑے شہروں سے کم ہیں . وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کراچی پولیس بہترین کام کر کے جرائم کا خاتمہ کرے گی . . .

متعلقہ خبریں