چئیرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع; چار سال کی توسیع کے لیے وزیر اعظم کو جلد سمری بھیجے جانے کا امکان
قومی اخبار ڈان نیوز کے مطابق وزارت کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کو توسیع دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جانا ابھی باقی ہے، لیکن وزارت قانون، ان کی مدت میں توسیع کے لیے آرڈیننس کے مسودے پر کام کر رہی ہے جو وزیراعظم کو بھیجا جائے گا . انہوں نے کہا کہ سمری میں وزیر اعظم عمران خان کے سامنے متعلقہ تجاویز رکھی جائیں گی . ذرائع نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم مسودے پر کام کر رہے ہیں جو وزیر اعظم کو بھیجا جائے گا اور عمران خان ہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے . ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم، چیئرمین نیب کو توسیع دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وزارت قانون قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) میں ترمیم کے لیے آرڈیننس پیش کرے گی جو صدر کو دستخط کے لیے بھیجا جائے گا . انہوں نے کہا کہ اطلاق کے بعد یہ آرڈیننس قانون بن جائے گا اور حکومت کے لیے جاوید اقبال کو توسیع دینے کا راستہ صاف ہوجائے گا . ذرائع کے مطابق وزارت نے قانون کا جائزہ لیا ہے اور اگر وزیر اعظم، جاوید اقبال کو توسیع دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو 'این اے او' کے سیکشن 6 کے ذیلی سیکشن 'بی' میں ترمیم کی جائے گی . اس وقت سیکشن 6 کے ذیلی سیکشن 'بی' کے تحت چیئرمین نیب کی چار سالہ مدت ناقابل توسیع ہے . رپورٹ کے مطابق مسودے میں تجویز دی جائے گی کہ ذیلی سیکشن 'بی' کی ٹرم 'ناقابل توسیع' کو 'قابل توسیع' سے تبدیل کردیا جائے تاکہ چیئرمین نیب کو توسیع دی جا سکے . . .