خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈ اور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈ کا اجرا

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈ اور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈ کا اجرا کردیا .

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے سپیشل افراد کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی .

اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈ اور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈ کے اجرا، معذوری کے ساتھ کام کرنے والے افراد کے لیے قرضہ سکیم کا اجرا اور معذور افراد کو وہیل چیئر اور دیگر مددگار آلات مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے .

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی افراد کو مالی خودمختاری کیلئے ایک سے 2 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا، ہر ڈویژن میں خواتین پر تشدد کے سد باب کیلئے وی اے ڈبلیو سی سینٹر بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے .

اس کے علاوہ لاہور، ملتان، فیصل آباد کے سکلز ڈویلپمنٹ سینٹرز فعال اور دیگر اضلاع میں قائم کرنے کا جائزہ،سپیشل افراد کیلئے کام کرنے والی این جی اوز کے آڈٹ کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا . اجلاس میں سرکاری عمارتوں میں خصوصی افراد کیلئے ریمپ اور باتھ روم کی پابندی پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی گئی اور ہر نئی سرکاری بلڈنگ میں خصوصی افراد کے لیے باتھ روم اور ریمپ لازمی قرار دیا گیا .

علاوہ ازیں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ٹاسک فورس بنانے کی سفارشات پر غور کرتے ہوئے ہر ڈویژن میں منشیات بحالی سینٹرز کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی .

. .

متعلقہ خبریں