کراچی: ڈیفنس میں دوست کے ہاتھوں دوست قتل


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ جانباز کے قریب گاڑی پر فائرنگ میں 1 شخص جاں بحق ہو گیا . اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا، ملزم فہد خان وہاں آیا اور مقتول سے جھگڑا کیا .


پولیس نے بتایا کہ ہمایوں دوست کے ساتھ گھر جانے کے لیے نکلا، ملزم فہد ہمایوں کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے گھر تک آیا، ہمایوں کو ملزم فہد خان نے گاڑی سے اتار کر گولیاں ماریں .
دوست کے ہاتھوں دوست کے قتل کا مقدمہ درج
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے گولیوں کے 15 سے زائد خول ملے ہیں، مقتول ہمایوں داؤد کو گھر کی دہلیز پر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں دوست ہمام جاوید کی مدعیت میں درج کر لیا ہے جس میں فہد خان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں .
مدعی مقدمہ کے مطابق ہم دوست احمد زمان، ثاقب، آصف اور فہد خان، ہمایوں داؤد کے ساتھ بیٹھے تھے، فہد خان اور ہمایوں داؤد میں تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھاپائی تک پہنچی، ہم دوستوں نے معاملے کو حل کروایا اور جانے لگے .
مقدمے کے متن کے مطابق احمد زمان اور میں ہمایوں داؤد کے ساتھ جانے کے لیے گاڑی میں بیٹھ گئے، اسی دوران فہد خان اچانک آیا اور گاڑی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے میں اور ہمایوں زخمی ہوئے اور گھر روانہ ہوئے .
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ فہد خان پھر اپنی گاڑی میں آیا اور ہمایوں کی گاڑی کو ٹکر مار دی، فہد خان گاڑی سے اترا اور ہمایوں پر فائرنگ شروع کر دی، فہد خان، ہمایوں داؤد پر فاِئرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا، فائرنگ کی آواز سن کر ہمایوں داؤد کی بیوی اور والدہ گھر سے باہر آگئیں .
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہمایوں کو پہلے نجی اسپتال اور پھر جناح اسپتال لایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا، واقعہ ذاتی رنجش کا معلوم ہوتا ہے، ملزم فہد خان اپنے اہلخانہ کے ہمراہ فرار ہو گیا ہے، اس کی تلاش جاری ہے . حکام نے کہا کہ مقتول اور قاتل دونوں بزنس مین بتائے جاتے ہیں، ہمایوں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا اور 2 بچوں کا باپ تھا .

. .

متعلقہ خبریں