زیارت کی تاریخی قائدِ اعظم پبلک لائبریری بحال


زیارت (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع زیارت کی تاریخی قائدِاعظم پبلک لائبریری کو بحال کر دیا گیا . زیارت میں برطانوی دور میں قائم کردہ پبلک لائبریری کو تزئین و آرائش اور مرمت کے بعد فعال کر دیا گیا ہے .

ڈپٹی کمشنر زیارت حمودالرحمٰن نے زیارت کے سینئر اساتذہ اور سابق فیمیل ایجوکیشن افسر کے ہمراہ پبلک لائبریری کا افتتاح کیا .
زیارت میں تاریخی پبلک لائبریری 1906ء میں قائم کی گئی تھی، جسے بعد میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم کے نام سےمنسوب کیا گیا . پبلک لائبریری مختلف ادوار میں غیر فعال ر ہنےکے بعد 2005ء میں ڈی سی کمپلیکس کے توسیعی منصوبے کے تحت متاثر ہوئی تھی .
3 ماہ قبل قائدِ اعظم پبلک لائبریری کی دوبارہ مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا گیا تھا، تزئین، آرائش اور بحالی کے بعد قائدِ اعظم پبلک لائبریری کو عوام اور طلباء کے لیے کھول دیا گیا ہے . ڈپٹی کمشنر زیارت حمودالرحمٰن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قائدِ اعظم پبلک لائبریری کی تاریخی حیثیت ہے، اسی وجہ سے اسے بحال کیا گیا ہے .
ان کا کہنا ہے کہ قائدِ اعظم پبلک لائبریری کے لیے ملک بھر سے لوگوں نے کتابیں اور فنڈز عطیہ کیے ہیں، خواہش ہے کہ زیارت میں مزید لائبریریاں بنیں، لوگوں کی دلچسپی کتابوں میں ہو .

. .

متعلقہ خبریں