نان فائلرز کے پہلے فون بند کریں پھر ۔۔۔؟ مفتاح اسماعیل نے ایک اوربڑی پابندی کی تجویز دیدی

کراچی (قدرت روزنامہ) نان فائلرز کے پہلے فون بند کریں پھر . .

. ؟سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک اوربڑی پابندی کی تجویز دیدی . انہوں نے کہا ہے کہ اگر آپ دکانوں پر بھی ٹیکس نہیں لگاسکتے تو سب بیکار ہے، نان فائلرز کی سمز بند کرنے کافیصلہ بظاہر ٹھیک ہے، پہلے فون بند کریں پھر انہیں پاسپورٹ دینا بھی بند کردیں، پاکستان میں بجلی اور گیس خطے کے ممالک کے ساتھ افریقہ کے بعض ملکوں سے بھی مہنگی ہے .
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا . پروگرام میںسینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے بھی شرکت کی .

سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کا بہترین طریقہ کسی کوبھی نہیں پتا ہے، ہم نے بجلی کے بلوں کے ساتھ ٹیکس لینے کی کوشش کی تھی، (ن) لیگ کی اندرونی سیاست کی وجہ سے دکانداروں پر ٹیکس کا فیصلہ واپس لیا گیا، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو کسی سے ملے بغیر ٹیکس لگادینا چاہیے، محمد اورنگزیب میرے دور میں بھی لگی لپٹی بات نہیں کرتے تھے، ابتداء میں فی دکان ساڑھے چار ہزار روپے ٹیکس لینا شروع کرنا چاہیے، اس کے بعد بڑے تاجروں کو الگ الگ ٹیکس رجیم میں لائیں، ٹیکس ادا نہ کرنے والے دکانداروں کو بجلی اور رجسٹریشن نہیں دی جائے، کچھ لوگوں کو جیل بھی بھیجنا پڑے تو بھیجیں لیکن ریاست کی رٹ قائم کریں .

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دکانداروں کی ہڑتال 2 دن بھی نہیں چلے گی، جب ایم کیوا یم عروج پر تھی اور ہڑتال کرواتی تھی تب بھی شام کو دکانیں کھل جاتی تھیں، دکاندار ایک دن دکان بند کرنا افورڈ نہیں کرسکتا کوئی ہڑتال نہیں کرواسکتا، مارکیٹ میں ایک دکان کھل گئی تو ساری دکانیں کھل جائیں گی،50 ہزار تنخواہ لینے والا شخص ٹیکس دے رہا ہے کیا وہ غریب نہیں ہے، یہ کیسی حب الوطنی ہے کہ میں ٹیکس نہیں دوں گا آپ کو مٹھائی دے دوں گا .

. .

متعلقہ خبریں