ایرانی سفیر اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات: پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کھل کر بول پڑے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی دارالحکومت میں ملاقات کی، ان کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا . ملاقات میں ایرانی سفیر کے 6 رکنی وفد کے علاوہ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے .

پاکستان اور ایران کے تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا .

"صباح نیوز " کے مطابق ایرانی سفیر نے امیر جماعت اسلامی کو دورہ ایران کی دعوت دی اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے . حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین ایشو پر ہم ایران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہی ایک مسلمان ملک کا شیوہ ہونا چاہیے . فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمت کو ایران کی مزید حمایت کی ضرورت ہے تاکہ تحریک فلسطین کو دوام حاصل ہو . ایران ایک ملک ہی نہیں بلکہ ایک انقلابی نظریہ ہے . امام خمینیؒ سے سب سے پہلے رابطہ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ نے کیا تھا کیونکہ انقلاب مکاتب فکر سے بالاتر معاشرے کی تبدیلی کا نام ہے . جماعت اسلامی کے ایران سے ہمیشہ مضبوط روابط رہے ہیں . ہم ایران سے امت کے حق میں مشترک معاملات میں زیادہ توقع رکھتے ہیں . ہم تقسیم سے بالاتر مشترکات اور امت کی بنیاد پر وحدت کا تصور رکھتے ہیں .

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بین الاقوامی دباؤ سے باہر آنا چاہیے اور یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا .

اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جماعت اسلامی کا فلسطین کے حوالے سے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے پورے ملک میں جس بڑے پیمانے پر فلسطین کیلیے آواز بلند کی اس سے فلسطین کے مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا ہے . آج اسلام پسندوں نے اپنی مزاحمت سے پورے عالم کو حیرت میں ڈالا ہوا ہے . عالمی رائے عامہ فلسطین کے حق میں ہے . اللہ کا شکر ہے کہ فلسطین میں اتنی تباہی کے باوجود مزاحمت جاری ہے اور اہل فلسطین اسرائیل کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں . جس طرح ظلم کی علمبردار عالمی طاقتیں اکٹھی ہیں اسی طرح عالم اسلام کے ممالک کو متحد ہونا ہوگا اور ہم جماعت اسلامی کے تاریخی کردار کو اتحاد امت کیلیے سراہتے ہیں .

امیر جماعت اسلامی اور ایرانی سفیر میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کو فروغ ملنا چاہیے اور بحیثیت برادر اسلامی ممالک ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو مکمل ہونا چاہیے جو دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے .

. .

متعلقہ خبریں