9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو سزا دینی پڑے گی، انتشاری ٹولے سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پنا گاہوں کے خلاف کارروائی کی، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، فوج کی اولین ترجیح ملک میں امن قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی انجینئرز پر خود کش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار سے ملتی ہیں، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا افغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا، پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے کو فوجی جوانوں نے ناکام بنایا، 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں ثبوت ہیں کہ فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بھارتی ایجنسیوں نے پاکستان میں 2 شہریوں کو قتل کیا، پاکستان دہشتگردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑےگا، بھارتی فوج ایل او سی پرمعصوم شہریوں کونشانہ بناتی ہے، اسے منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ کشمیریوں کوشہید کررہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں پاکستانیوں کےقتل میں ملوث ہے۔

میجر جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو بڑھاچڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، ملوث افراد کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، پاکستان میں دہشتگردوں کیلیے کوئی جگہ نہیں، انہیں کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی، انہیں سزا نہ دی گئی تو ملک میں کسی کی جان مال آبرو محفوظ نہیں رہے گی، سزا و جزا کے نظام پر یقین برقرار رکھنے کےلیے انہیں سزا دیں اور جلد از جلد دیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس پر بنتا ہے جس کے بارے میں کوئی ابہام ہو، یہاں تو سب کچھ واضح ہے، سچ کھل کر سامنے آگیا تو فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا کیا گیا، ہم 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کے لیے تیار ہیں لیکن پھر پوری تہہ تک جائیں۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ سب نے اپنی آنکھوں سے اس واقعے کو ہوتے دیکھا، کس طرح لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، فوج اور اس کی قیادت کے خلاف لوگوں کے ذہن بنائے گئے، سیاسی رہنماؤں نے چن چن کر بتایاکہ یہاں حملہ کرو، عوام اورفوج میں نفرت پیدا کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو نظام انصاف پر سوال اٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، پارلیمنٹ پی ٹی وی حملے کا جائزہ لے، کس طرح لوگوں کو ریاست کے خلاف کھڑے ہونے کی ہمت دی گئی کہ سول نافرمانی کریں، بجلی بلز جلائیں، کے پی سے اسلام آباد پر دھاوا بولا گیا، آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے، پاکستان کو پیسے نہ دینے کے لیے لابنگ کی گئی، کہاں سے فنڈنگ ہو ہی تھی، سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف کون نفرت پھیلا رہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیاسی انتشاری ٹولے سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی، اس کےلیے صرف ایک ہی رستہ ہے کہ صدق دل سے معافی مانگے، نفرت کی سیاست چھوڑنے کا وعدہ کرے، تعمیری سیاست میں حصہ لے۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ 8 فروری کو عام انتخابات میں ٹرن آؤٹ 47 فیصد تھا، ساڑھے 6 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا، مخصوص پارٹی کو ایک کروڑ 85 لاکھ ووٹ ملے ، جبکہ باقی ووٹ دیگر سیاسی جماعتوں کو ملے، کل ووٹوں کا صرف 31 فیصد ایک مخصوص پارٹی کو ملا، باقی 70 فیصد ووٹ ان کے بیانیے کو نہیں ملا، اکثریت دوسری طرف ہے، جبکہ مجموعی آبادی کے حساب سے صرف 7.5 فیصد لوگوں نے اس جماعت کو ووٹ دیا، 93 فیصد آبادی ان کے بیانیے کے ساتھ نہیں کھڑی، ہمیں یقین ہے کہ اسے ملنے والے ووٹ کا مقصد بھی یہ نہیں کہ یہ ووٹ 9 مئی کے حق میں اور فوج کے خلاف تھا۔

Recent Posts

امریکا نے چینی الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینل پر 100 فیصد ٹیکس عائد کردیا

اقدام کا مقصد امریکی شہریوں کے روزگار کا تحفظ ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس امریکا (قدرت…

56 mins ago

سولر پینلز کے بعد بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی ہزاروں روپے کمی

مہنگائی کے مارے عوام کیلئے ریلیف کا ایک اور ٹھنڈا جھونکا اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سولر…

1 hour ago

جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر واڈامتسوہیرو کی ملاقات لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِ…

1 hour ago

کرغزستان میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، نہ ہی کسی طالبہ سے زیادتی ہوئی، نائب وزیراعظم

واپسی کے خواہشمند طلبا کو حکومت اپنے خرچے پر لائے گی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار…

2 hours ago

خیبرپختونخوا حکومت کا پنجاب کے کسانوں سے 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا اعلان

کسانوں کو فی من گندم کی قیمت3900 روپے دی جائے گی، صوبائی وزیرخوراک پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواحکومت…

2 hours ago

کراچی : ڈیفنس کے بنگلے میں جواں سال ملازمہ کی پراسرار ہلاکت پر ورثا سراپا احتجاج

پاریہ کماری کی ہلاکت کا واقعہ 12 مئی کو پیش آیا تھا کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی…

2 hours ago