آئرلینڈ کو کمزور حریف نہیں سمجھیں گے ، ہیڈ کوچ اظہرمحمود

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے پلیئرز کو اپنی لوکل کنڈیشنز کا اندازہ ہے ، پلیئرز کو کاؤنٹی کا تجربہ بھی ہے، آئرلینڈ کو سیریز میں کمزور حریف نہیں سمجھیں گے .

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان جمعہ سے شروع ہونیوالی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ ٹیم کا ٹریننگ سیشن کافی اچھا رہا تھا، پلیئرز نے ہلکی پُھلکی ٹریننگ کی کیوں کہ لاہور میں ہونیوالے کیمپ میں بھرپور محنت کرکے آئے تھے، آئرلینڈ میں ہونے والے سیشن میں کھلاڑیوں نے ٹاپ اپ کیا .

ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل تمام پلیئرز کے حوصلے بلند ہیں، ٹیم اچھا پرفارم کرنے کیلئے پر امید ہے ،کھلاڑیوں کو اپنی اسٹرینتھ پر بھروسہ ہے .

اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اپنے کامبی نیشن کا اندازہ ہے، معلوم ہے کہ کون اوپنرز ہوں گے اور کس نے کہاں کیا کردار ادا کرنا ہے . انہوں نے کہا کہ پاوور پلے میں اچھا کھیلنا ضروری ہے اور اس کے بعد مڈل فیز بھی اچھا نکالنا ہے جس کی تیاری کی ہے . ٹیم ہر حساب سے تیاری کرکے آئی ہے اور اب اس پر عملدرآمد کا وقت ہے . اظہر محمود نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے ،اصل ہدف ورلڈ کپ میں اچھے برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے اور اس کو ذہن میں رکھ کر ہی آگے بڑھیں گے .

. .

متعلقہ خبریں