موبائل فون کمپنیوں نے اپنے کارڈز اور پیکج چارجز میں 2 برس میں کتنا اضافہ کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں کیا جاتا ہے تاہم 23 کروڑ سے زائد کی آبادی والے ملک میں 19 کروڑ سے زائد موبائل فون استعمال کیے جا رہے ہیں . موبائل فون کی عادت ایسی ہو گئی ہے کہ کوئی شخص بے شک انتہائی غریب ہی کیوں نہ ہو اس کے پاس بھی موبائل فون ہوگا، اور اس میں اس نے اپنوں سے باتیں کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی کال پیکج لگایا ہوتا ہے .

پیکج کے ختم ہونے سے قبل ہی کسی بھی طرح پیسوں کا انتظام کرکے نیا پیکج کرا لیا جاتا ہے .
پاکستان میں جس طرح ہر چیز کی قیمتیں بڑھ رہی اس طرح تو موبائل فون نیٹ ورک فراہم کرنے والی کمپنیوں نے اپنے ریٹ نہیں بڑھائے تاہم گزشتہ 2 برس میں ان ریٹس میں اضافہ دیکھا گیا ہے، 2 بڑی کمپنیاں زیادہ اخراجات کے باعث کمپنی ہی فروخت کرچکی ہیں، جبکہ دیگر کمپنیوں نے گزشتہ 2 برس میں اپنے ریٹ قریباً 100 فیصد بڑھا دیے ہیں .
ایک وقت تھا کہ فون کال سننے کے لیے بھی پیسے دینا ہوتے تھے، پھر وہ سلسلہ ختم ہوا اور کمپنیوں نے فون کالز سستی کردیں، بعد ازاں ایسے پیکج متعارف کرائے گئے کہ لوگ چند پیسوں کے عوض گھنٹوں تک اپنے پیاروں سے باتیں کرتے رہتے تھے، اسکے بعد انٹرنیٹ کا دور آیا اور لوگوں نے کال پیکج کو چھوڑ کر انٹرنیٹ پیکج خریدنا شروع کر دیے، اب فون کالز کی جگہ انٹرنیٹ کے ذریعے واٹس ایپ کال اور ویڈیو کال زیادہ کی جاتی ہے .
موبائل فون کمپنیاں ایک دوسرے کے مقابلے میں سستے ترین پیکج متعارف کراتی تھی، اس کے باوجود ان کا منافع کروڑوں میں تھا، چونکہ موبائل فون کمپنیوں کو نیٹ ورک کی بہتر فراہمی کے لیے جو کچھ سامان بھی چاہیے ہوتا ہے وہ امپورٹ کرنا ہوتا ہے، اور ڈالر کی بڑھتی قدر کے باعث سامان انتہائی مہنگا امپورٹ ہونے لگا، پھر ملازمین کی تنخواہیں اور کمپنی کے دیگر اخراجات کے باعث کمپنیوں نے اپنے ریٹ بڑھانا شروع کر دیے، اور گزشتہ 2 برس میں قریباً 100 فیصد تک ریٹ بڑھائے جا چکے ہیں .
جون 2022 میں پاکستان کی سب سے بڑی موبائل فون نیٹ ورک کمپنی جیز نے پی ٹی اے کی منظوری سے اپنے 25 مختلف پیکجز ریٹ اوسطاً 14 فیصد بڑھائے جبکہ یوفون نے اپنے 42 مختلف پیکجز کے ریٹ 16.4 فیصد بڑھائے تھے، یوفون سوپر کارڈ پلس جس میں کال، میسج، انٹرنیٹ سمیت تمام سہولیات 30 دنوں کے لیے مفت فراہم کی جاتی ہیں اس کی قیمت 649 سے بڑھا کر 699 روپے کردی گئی تھی . اسی طرح ٹیلی نار کے ایزی کارڈ کی قیمت 650 سے بڑھا کر 700 روپے کردی گئی تھی . جیز کے ماہانہ سوپر ڈوپر کی قیمت اس وقت 700 روپے تھی اور زونگ کے ماہانہ سوپر کارڈ کی قیمت 550 روپے تھی .
اس وقت موبائل فون کمپنیوں نے اپنے ماہانہ کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکج والے ریٹ متعارف کرائے ہیں جو بہت بڑھ گئے ہیں، یوفون کا 649 روپے والا سوپر کارڈ پلس اس وقت میں 949 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ٹیلی نار کا 700 والا ایزی کارڈ 900 روپے میں دستیاب ہے، جیز کمپنی کا ماہانہ سوپر ڈوپر پیکج 1100 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ زونگ کا ماہانہ سوپر کارڈ 950 روپے میں دستیاب ہے .

. .

متعلقہ خبریں