موسم

محکمہ موسمیات کی کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

کراچی (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شہر میں آج سے گرمی کی شدت مزید اضافہ ہونا شروع ہوجائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، کل سے سندھ میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے، دوپہر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں ہیٹ ویو کے خدشات کے باعث 27 مئی تک سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب سندھ اور پنجاب جھلسا دینے والی گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یارخان اور ڈیرہ غازی خان اس وقت گرم ترین شہر ہیں، جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔نوابشاہ، ملتان ساہیوال اور پتوکی میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری کو چھو گیا جبکہ جھنگ، فیصل آباد اور سکھر میں چوالیس ڈگری پر پہنچ گیا۔

لاہور میں بھی شدید گرمی ہے جہاں درجہ حرارت تینتالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن محسوس چھیالیس ڈگری کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں