وزیر اعلیٰ سے بزنس مین کمیونٹی کی غیر رسمی ملاقات ، مریم نواز نے 100ارب روپے کا پراجیکٹ لانے کا اعلان کر دیا

لاہور(قدرت روزنامہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیڈمک اور فیڈمک سمیت دیگر بورڈفوری طور پر تبدیل کرنے اور مخلص،محنتی پروفیشنلزکو شامل کرنے کا حکم دے دیا . وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر سے معروف بزنس مین کمیونٹی کی غیر رسمی ملاقات میں پالیسی سازی میں تاجروں اور صنعتکاروں سے مشاورت پر اتفاق کیا .

ملاقات کے دوران مختلف انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں نے تجاویز اور مسائل بیان کیے . وزیر اعلیٰ نے بعض تجاویز پر فوری ایکشن لیتے ہوئے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے .

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں نیچرل بزنس کلسٹر قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں . لاہور میں فارما انڈسٹریل زون کے قیام کے لئے تمام تر سہولتیں اور رعائتیں دیں گے . سیلیکان سٹی کی طرف سے نوازشریف آئی ٹی سٹی کے لئے رابطے کیے جارہے ہیں . لاہور میں پہلی انٹرنیشنل لیول فش مارکیٹ قائم کررہے ہیں . عوام کی رسائی یقینی بناتے ہوئے رنگ روڈ پر ہول سیل مارکیٹیں شفٹ کرنے کا جائز ہ لیا جائے گا . ہیلتھ کارڈ پراجیکٹ میں فارما انڈسٹری سے مشاورت کو ترجیح دی جائے گی .

انہوں نے کہا کہ مون سون گزرنے کے بعد لاہور میں سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت شروع ہوجائے گی . 100ارب روپے کا پراجیکٹ لائیں گے، کوئی گلی کچی نہیں رہے گی . بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ دی جائے گی . ای بائیک پالیسی لارہے ہیں، بزنس کو پروموٹ کریں گے . چھوٹے کسان کو زرعی مداخل کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے دیں گے .

بزنس مین کمیونٹی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ یادگار اقدامات کررہی ہیں . تاجروں نے یقین دہانی کرائی کہ (ن) لیگ کی حکومت کو اپنی ہی حکومت سمجھتے ہیں، بھرپور تعاون کریں گے . بزنس کمیونٹی کے ارکان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ کا وژن بہت اعلیٰ ہے . مریم نواز کے وزرات اعلیٰ منصب سنبھالنے پر صحیح معنوں میں وویمن ایمپارومنٹ ہورہی ہے . تاجررہنما نے نشاندہی کی کہ لاہور میں روہی نالے سے قصورتک امن و امان کی صورتحال ابتر ہے بہتری پر توجہ دی جائے . ہال روڈ میں تجاوزات اور فائرنگ کے واقعات کا سدباب کیا جائے .

ملاقات کرنے والوں میں زیبا شجاع الرحمن، حناء منصب خان،مصباع الرحمن، عرفان اقبال شیخ، انجم نثار، خواجہ شاہزیب، وسیم سرور، ظفر محمود، طاہر منظور، بابر محمود، ندیم قریشی، خالد مصباع، عدنان خالد بٹ، فہیم سہگل، ابو ذر شاد، اسد شجاع الرحمن، خالد محمود کھوکھر، تنویر احمد شیخ، شہباز اسلم اور دیگر شامل تھے . سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے .

. .

متعلقہ خبریں