وزیر اعلیٰ مریم نوازکی راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال آمد،مختلف وارڈز کا دورہ، مریضوں سے بات چیت،مزدوروں کی کم اجرت کا نوٹس

لاہور(قدرت روزنامہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اچانک ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کادورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا . وزیر اعلیٰ نے ہولی فیملی ہسپتال نیو بلاک کے دورے پر مزدورں کی کم اجرت کا نوٹس لیتے ہوئے مزدورں کو قانون کے مطابق اجرت کی پوری ادائیگی کی ہدایت کی .

وزیر اعلیٰ نے پیڈز ایمرجنسی،مدر اینڈ چائلڈ بلاک اور دیگر وارڈ کا جائزہ لیا، مریضوں سے گفتگو اوران کی تیمارداری کی . بعض مریضوں نے وزیر اعلیٰ کو ہسپتال میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا . وزیر اعلیٰ نے جلد صحت یابی کی دعائیں بھی کیں . وزیر اعلیٰ نے مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا . وزیر اعلیٰ ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے دوران زیر علاج مریضوں کے اہل خانہ کے پاس رک گئیں جو درخت کے نیچے بیٹھے شدید گرمی کی وجہ سے دستی پنکھوں سے ہوا لینے پر مجبور تھے .

وزیر اعلیٰ نے بزرگ شہری اور اہل خانہ سے بات چیت کی اور مریض کے بارے میں دریافت کیا . وزیر اعلیٰ نے مریضوں کے لواحقین کے لئے شیڈ اور پنکھوں کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی, ایمرجنسی میں زیر علاج مریض بچوں کی عیادت کی اور ایک بچی کے پاس رک گئیں اورخوشگوار موڈ میں باتیں کیں, ننھی بچی نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ”ہائی فائی“ کیا .

وزیر اعلیٰ نے3سالہ حسنین کے دل میں پیدائشی سوراخ کے علاج کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی . وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر آر آئی سی سے ڈاکٹروں کی ٹیم فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال پہنچ گئی . وزیر اعلیٰ کوہولی فیملی ہسپتال کے ری ویمپنگ پراجیکٹ کے بارے میں بتایا گیا . وزیر اعلیٰ نے تعمیر و مرمت شدہ بلاک کا تفصیلی جائزہ لیا, ہولی فیملی ہسپتال کے زیر تعمیر نیوبلاک کا بھی جائزہ لیا اور سی اینڈ ڈبلیو کو 30جون تک نیو بلاک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی .

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی ہمراہ تھے .

. .

متعلقہ خبریں