محاذ آرائی کے خاتمے کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے : رانا ثنا اللہ کا انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ محاذ آرائی کے خاتمے اور عدلیہ سے متعلق امور کے حل کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں .
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم اور پوری پارٹی لیڈر شپ کو عدلیہ سے متعلق معاملات پر تشویش ہے، معاملے کو حل کرنے کے لئے جو کوششیں ہورہی ہیں، وہ منطقی انجام سے پہلے بلکہ منطقی انجام کے بعد بھی منظر عام پر نہیں آئیں گی .

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ججز کا خط لکھنا کافی ہے کہ ایسا لائحہ عمل بن جائے کہ ادارے ایک دوسرے کی حدود میں مداخلت نہ کریں، موجودہ صورتحال کی بڑی وجہ بانی پی ٹی آئی کا مو¿قف ہے کہ وہ سیاستدانوں کے ساتھ بات کرنے کو تیار نہیں . رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیاستدان آپس میں بات کریں ہم سے بات کرنے کا کیا تعلق، پی ٹی آئی حکومت میں ہم دو بار ملاقات کے لئے انتظار میں رہے ، بانی پی ٹی آئی اس طرح سے اپنا ،پارٹی اور ملک کا نقصان کر رہے ہیں ،عمران خان چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے ذریعے انقلاب آئے، ٹاک شوز سے انقلاب آئے .
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سب کے لئے ہی درست نہیں ،ڈیڈلاک ختم کرنا چاہئے ، ہماری طرف سے کوئی انا یا ہٹ دھرمی نہیں، دوسری طرف سے ہے، ہم مذاکرات کی بات کریں تو وہ آگے سے گالیاں دیتے ہیں . رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کے خلاف محاذ نہیں کھولا، ریمارکس فیصلہ نہیں، ججز کو چاہئے فیصلہ کریں . ایک سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیسی نفرت انگیز سیاست کر رہے ہیں اس پر ان کے خلاف نئے کیسز بنیں نہ بنیں،ان کی حوصلہ شکنی ضرور ہونی چاہئے .

. .

متعلقہ خبریں