5 دہائیوں بعد پہلی مرتبہ بھارت میں آرمی چیف کو ایکسٹینشن کیوں ملی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت میں 5 دہائیوں کے بعد پہلی مرتبہ آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے اب وہ جون کے آخر میں ریٹائر ہوں گے . بھارتی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے اتوار کو آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، بھارتی آرمڈ سروسز رولز کے مطابق 62 سالہ جنرل منوج سی پانڈے 31 مئی 2024 کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو رہے تھے .

کابینہ کی تقرری کمیٹی کے مطابق جنرل منوج سی پانڈے کی مدتِ ملازمت میں اب ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد اب وہ 30 جون 2024 کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے . انہیں 30 اپریل 2022 کو آرمی چیف کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا . واضح رہے کہ 1970 کی دہائی میں پہلی مرتبہ بھارت میں اندرا گاندھی کی قیادت والی حکومت نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل جی جی بیور کی مدتِ ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی، 1970 سے آج تک 5 دہائیاں گزرنے کے بعد موجود بھارتی آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے . لیفٹننٹ جنرل اوپیندر دویدی، جو اس وقت وائس چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جنرل منوج سی پانڈے کے بعد سب سے سینیئر آرمی افسر ہیں . لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے بعد سب سے سینیئر افسر جنوبی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اجے کمار سنگھ ہیں . لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی اور لیفٹیننٹ جنرل کمار سنگھ دونوں کورس کے ساتھی ہیں . اس سے قبل جنرل ایم ایم نروانے کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد جنرل منوج سی پانڈے نے 30 اپریل 2022 کو بطور 29 ویں بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا . اعلیٰ عہدے کا چارج سنبھالنے سے پہلے جنرل منوج سی پانڈے نائب چیف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے . وہ فورس کی قیادت کرنے والے کور آف انجینئرز کے پہلے افسر ہیں . وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے 26 مئی 2024 کو آرمی رولز 1954 کی شق 16 اے (4) کے تحت آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کی منظوری دی . جنرل منوج سی پانڈے نے دسمبر 1982 میں کور آف انجینئرز (بمبئی سیپرز) میں فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا . وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے 1984 میں 18 جموں کشمیر رائفلز (جے اے کے آر آئی ایف) میں کمیشن حاصل کیا تھا . واضح رہے کہ اس وقت بھارت میں لوک سبھا کے لیے جنرل الیکشن کا چھٹا مرحلہ مکمل ہو گیا ہےاور19 اپریل سے یکم جون 2024 تک جاری رہنے والے انتخابی عمل کے 7 ویں مرحلے کے انتخابات کے لیے فوج اور پولیس دستے سیکیورٹی امور پر تعینات ہیں . . .

متعلقہ خبریں