کراچی میں رواں ہفتے مزید گرمی کی پیشگوئی، شہر میں موسم کب بہتر ہوگا؟
کراچی (قدرت روزنامہ ) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں موسم گرم ہوگا۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے بتایا کہ 20 جون کے بعد جاکر موسم میں کوئی بہتری آسکتی ہے، میدانی علاقوں میں موسم ایسا ہی رہے گا اور پری مون سون 20 جون کے بعد شروع ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے برس جون کے آخری دنوں میں پری مون سون شروع ہوگیا تھا اس لئے 20 جون کے بعد ہی پری مون سون بارش کی توقع کرسکتے ہیں لیکن جو علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں ان علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ جون میں درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے، جون میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے مزید کہا کہ کراچی میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، 29 سے 31 مئی تک پارہ40 ڈگری سے تجاوزکرسکتا ہے اور درجہ حرارت40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ سکتا ہے، دن کے بیشتر حصے میں شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونےکا امکان ہے، جون کے پہلے ہفتے میں درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے۔