9 مئی کے 8 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے 8 مقدمات میں گرفتار کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا ہے .
شاہ محمود کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کا کوئی جواز نہیں، جن مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی ہے ان میں عدالت نے انہیں ضمانت دے رکھی ہے .

اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ سائفر مقدمے کا ردی کی ٹوکری کی نذر ہونا یقینی ہے، عدالتی فیصلے کوعملاً غیر موثر کر کے انہیں قید میں رکھنے کیلئے قانون کی پھر سے دھجیاں اڑائی گئی ہیں . ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو بانی پی ٹی آئی کے نظریے پر جم کر کھڑا رہنے کی سزا دی جا رہی ہے . پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جھوٹے، جعلی، من گھڑت مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں کو جیل میں رکھنا مشکل ہو رہا ہے . انہوں نے کہا کہ لاقانونیت کی نئی حدوں کو چھوا جا رہا ہے، اس ظالمانہ حرکت کے خلاف ہر ممکن کارروائی کریں گے، اپنے بے گناہ قائدین اور کارکنان کو جیلوں سے آزاد کروائیں گے .
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے 8 مقدمات میں گرفتار کرلیا تھا .

. .

متعلقہ خبریں