یکم جون سے بارشوں کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق یکم جون تک ملک کے بالائی علاقوں میں گردوغبار، آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں اور آندھی سے محتاط رہنے کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوسکتا ہے جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے محکموں کو ایمرجنسی عملہ و مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کوکچے گھروں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، آندھی و جھکڑ سے کھڑی فصلوں، بجلی کے کھمبوں اورد یگر تعمیرات کونقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران کمزور سٹرکچر میں پناہ لینے سے گریز کریں، گرج چمک آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بڑھا دیتی ہے اس سے احتیاط کریں، ممکنہ لینڈسلائیڈنگ کے پیش نظر سیاح ومسافر پہاڑی علاقوں کے سفر میں احتیاط کریں اور سفر سے قبل مقامی انتظامیہ سے موسم و راستوں کی معلومات ضرورحاصل کریں۔