قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے دستخط کردیے، پنجاب میں ہتک عزت بل قانون بن گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گورنر ہاؤس پنجاب کے ذرائع کے مطابق قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے بل پر دستخط کردیے جس کے بعد پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والا ہتک عزت بل قانون بن گیا ہے۔
صحافتی تنظیموں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو منصوبے کے تحت چھٹی پر بھیج کر قائم مقام گورنر سے دستخط کرائے گئے ہیں۔ اس طرح پیپلزپارٹی نے بھی صحافیوں کے ساتھ دھوکا کیا ہے۔ پیپلزپارٹی بظاہر صحافیوں کے ساتھ تھی لیکن اندر سے حکومت سے ملی ہوئی تھی۔ جلد ایکشن کمیٹی کا اجلاس بلا کر اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
گزشتہ ماہ 20 مئی کو پنجاب اسمبلی میں ہتک عزت بل 2024 منظور کرلیا گیا تھا۔ بل صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کیا تھا۔ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کردی گئی تھیں،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بل کے اہم نکات اور اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیا تھا لیکن اپوزیشن نے بل کو کالا قانون قرار دے کر بل کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دی تھیں۔

پنجاب حکومت نے صحافتی تنظیموں کی بل مؤخر کرنے کی تجویز مسترد کردی تھی۔ صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات میں ہتک عزت بل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہتک عزت بل آزادی اظہار کا گلا دبانے کی کوشش ہے۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا تھا کہ متنازع شقوں پر فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا، بل پر پہلے بھی مشاورت ہونی چاہیے تھی، وہ مشاورت کے بغیر دستخط نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی موجودہ بل کو سپورٹ نہیں کرتی، پیپلز پارٹی میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے۔
ہتک عزت بل ہے کیا؟
پنجاب حکومت کا ہتک عزت بل 2024 سرکاری اہلکاروں اور عام شہریوں کے خلاف پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے کیے جانے والے گمراہ کن دعوؤں کے خلاف ہے۔
اگر کوئی شخص کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے یا بدنام کرتا ہے تو اس کے خلاف اس بل کے تحت کارروائی ہوگی۔ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ اس بل کا مقصد بلاجواز تنقید کو روکنا ہے۔
اس بل کے تحت پنجاب میں ٹریبونل کا قیام کیا جائے گا۔ اگر کوئی شخص الیکٹرانک، پرنٹ یا سوشل میڈیا کے ذریعے کسی کو بدنام کرتا ہے یا الزامات لگاتا ہے تو متاثرہ شخص اپنی شکایت ٹریبونل میں کرسکے گا۔
ٹریبونل سربراہ کے اختیارات لاہور ہائیکورٹ کے جج کے برابر ہوں گے، ٹریبونل کو پنجاب ڈیفیمیشن ٹریبونل کا نام دیا جائے گا۔
ٹریبونل کے سامنے اگر ہتک عزت ثابت ہوجاتی ہے تو جس شخص نے الزامات یا توہین کی ہوگی اسے 30 لاکھ روپے اس شخص کو دینا ہوں گے جس کے خلاف اس نے الیکٹرانک یا سوشل میڈیا پر الزامات لگائے تھے ۔
اس قانون کے مطابق جن آئینی دفاتر کو تحفظ حاصل ہے ان میں صدر، وزیراعظم، اسپیکر، قائد حزب اختلاف، گورنر، چیف جسٹس آف پاکستان، سپریم کورٹ کے ججز، چیف جسٹس اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز شامل ہیں۔
سینیٹ کے چیئرمین، وزیراعلیٰ، صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکر، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اور ممبران، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی ان میں شامل ہوں گے جن کے خلاف کوئی بھی جھوٹی خبر یا معلومات پھیلانا سنگین جرم تصور ہوگا۔
اپوزیشن نے ہتک عزت بل کو کالا قانون قرار دیدیا
اپوزیشن جماعتوں نے ہتک عزت بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے ایوان کے اندر بھرپور احتجاج کیا تھا اور بحث کے دوران بل کی مختلف شقوں کو بھی ہدف تنقید بنایا تھا۔ اپوزیشن لیڈر اور دیگر ارکان نے کہا تھا کہ یہ بل آزادی اظہار رائے پر قدغن ہے اور آئین کے کئی کلاز سے متصادم ہے۔ اپوزیشن نے بل کی کاپیاں پھاڑ کرایوان میں لہرائی تھیں اور نعرے بازی بھی کی تھی۔ اس موقع پر صحافیوں نے بھی بل کے خلاف پریس گیلری سے واک آؤٹ کرکے اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا تھا اور ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔

Recent Posts

نرگس فخری بالی وڈ کے کس اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں؟ اداکارہ نے بتادیا

ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری نے ان اداکاروں کے نام بتائے…

6 hours ago

شاہد کپور اور وشال بھردواج کی میگا ایکشن فلم میں ٹرپتی ڈھمری بھی شامل

ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ وشال…

7 hours ago

بلاول اپنے نانا کے بنائے آئین کو دفن کررہے ہیں، شاہ محمود قریشی

لاہور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اپنے…

7 hours ago

‘شاید میں نے خود بھی اپنے ٹیلنٹ سے انصاف نہیں کیا، قومی کرکٹ ٹیم کا وہ پہلا کرکٹر جس نے اپنے ہی خلاف بیان دے دیا

فیصل آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ شاید…

7 hours ago

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی(قدرت روزنامہ)سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر…

8 hours ago

شاہ محمود قریشی نے بھی مولانا فضل الرحمان کو خراج تحسین پیش کردیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اپنے…

8 hours ago