شیرخوار بچوں کی امریکا اسمگلنگ، ایک بچی کے عوض 3 ہزار ڈالر وصولی کا انکشاف


کراچی(قدرت روزنامہ) کم عمر بچوں کی امریکا اسمگلنگ کے مقدمے میں عدالت نے ملزم صارم برنی کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، دوران سماعت انکشاف ہوا کہ ملزم نے امریکن جوڑے سے 3 ہزار ڈالر وصول کیے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو بچوں کے اسمگلنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے نے ملزم صارم برنی کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر چوہدری بلال، پراسیکیوٹر، وکلا صفائی عامر نواز وڑائچ، قادر خان سمیت دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے نے مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ بچی حیاء کو فیملی کورٹ میں لاوارث قرار دیا گیا ہے بچی کی والدہ افشین نے مدیحہ نامی خاتون کو فروخت کیا تھا، مدیحہ نے بچی کو بشریٰ کے پاس فروخت کیا۔ فیملی کورٹ میں صارم برنی ٹرسٹ نے بچی کو لاوارث قرار دیا، ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کررہا اور ایک بھی سوال کا صحیح جواب نہیں دے رہا اس کے ساتھ اور بھی متاثرین ہیں جن میں سے اب تک 20 کی نشاندہی ہوچکی ہے، ملزم ریکارڈ فراہم نہیں کررہا ملزم کے ٹرسٹ کے حوالے سے بینکوں سے معلومات کا کہا ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ بچی حیاء کے حوالے سے کتنے پیسے لیے گئے؟ پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ 3 ہزار ڈالر لیے گئے اور پیسے اُس نے ادا کیے جس نے بچی ایڈاپٹ کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس کا کوئی ثبوت ہے آپ کے پاس۔ وکیل ایف آئی اے نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ کم عمر بچیوں کا معاملہ ہے، ان کیمرا ٹرائل کیا جائے اس میں منظم گروہ ہے، ہمیں مزید ایک ہفتے کا ریمانڈ دیا جائے ڈیجیٹل، مالی اور یو ایس انٹیلی جنس سے ریکارڈ مانگا ہے، اس کی اسکروٹنی کرنی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بچیوں کے حقیقی والدین زندہ ہیں؟ ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جی زندہ ہیں ان کا عدالت میں بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ انہیں شامل تفتیش کریں گے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جی وہ تفتیشی کا حصہ ہیں، امریکی انٹیلی جنس سے ملنے والے ریکارڈ کے بارے میں ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے۔ تفتیشی افسر نے 3 ہزار ڈالر کی رسید بھی عدالت میں پیش کی۔
عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے یہ 3 ہزار ڈالر وصول کیے؟ ملزم صارم برنی نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم، عدالت نے کہا کہ آپ چیئرمین ہیں اور آپ کو معلوم نہیں؟ ملزم نے کہا کہ پیسے ٹرسٹ نے لیے ہوں گے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ اب تک 3 بچوں کے معاملات کی تفتیش ہو چکی ہے جبکہ 20 مزید کیسز کی تفتیش کرنی ہے۔
وکیل صفائی عامر نواز وڑائچ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ صارم برنی کا ریمانڈ نہ دیا جائے اگر جسمانی ریمانڈ دیا تو صارم برنی کو ٹارچر کیا جائے گا، یہ جو رسید پیش کی گئی ہے اسے پڑھا جائے اس پر کیا لکھا ہے، کیا اس پر بیچنے کا لفظ موجود ہے؟ فیملی سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے کہا ہے بچی ہم نے خود دی ہے ان کے پاس ڈھائی ماہ سے انکوائری ہوئی ہے، اس خاتون کو بلیک میل کیا گیا ہے جو مناسب سوال ہوگا اس کا جواب دے گا۔ ملزم نے کہا کہ میرے پاس موبائل میں شواہد موجود ہیں۔ میں نے ایف آئے اے کو کہا کہ میں ملک سے باہر ہوں واپس آکر جواب دوں گا۔
عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم نہیں تھا کہ بچی کے والدین حیات ہیں؟ جب آپ کو پتا تھا کہ بچی کے والد موجود ہیں تو جھوٹ کیوں بولا؟ ملزم نے کہا کہ مجھے نہیں پتا تھا۔ وکیل صفائی عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ ٹرسٹ کو یہ بچی کسی اور نے لاکر دی۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے کہا آپ کو ملزم کا بیان ریکارڈ کرنا ہے جس پر افسر نے کہا کہ جی بالکل بیان ریکارڈ کرنا ہے۔ عدالت نے چیمبر میں ہی ایف آئی اے کو ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی میرے چیمبر میں ملزم کا بیان اس کے وکلا کے سامنے ریکارڈ کریں۔ عدالت نے ملزم صارم برنی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی ایف آئی اے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے ملزم صارم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر 10 جون کو ہوگی۔ ملزم صارم برنی نے سماعت کے بعد گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی بدنامی وہ کررہا ہے جو میرے اوپر الزام لگا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے جو بھی الزامات لگائے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ میں نے جو کچھ بھی کیا ہے بچوں کے مستقبل بہتر کرنے کے لیے کیا ہے، میرا جرم یہ تھا کہ میں ادارے کا سربراہ ہوں، اس میں ادارے کے کسی ملازم کی بھی غلطی نہیں ہے۔

Recent Posts

طلاق سے دلبرداشتہ شخص نے شہریوں پر گاڑی چڑھا دی، درجنوں ہلاک

بیجنگ (قدرت روزنامہ) چین میں اہلیہ سے طلاق پر دلبرداشتہ شخص نے گاڑی شہریوں پر…

5 hours ago

آئی سی سی ایونٹ میں ہائبرڈ ماڈل نہیں چل سکتا,راشد لطیف

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ…

5 hours ago

کراچی، ویمن پولیس سٹیشن بلا کر بیٹی سمیت برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خاتون کا الزام

کراچی (قدرت روزنامہ) شہر قائد میں ویمن پولیس سٹیشن میں مبینہ طور پر دو خواتین…

5 hours ago

مراکز صحت کی ری ویمپنگ کیلیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر، بوسیدہ عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہونگی:مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے…

5 hours ago

سموگ کے معاملےپر اصل حکمرانوں نے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سموگ کی…

6 hours ago

سموگ اور دھند کے باعث موٹر وے بند

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سموگ اور دھند کے باعث موٹر وے ایم 4 کو پنڈی…

6 hours ago