نادر علی نے پوڈکاسٹ میں نامناسب اور بیہودہ سوالات کر کے مجھے شرمسار کیا ، اداکارہ متھیرا کا بیان

کراچی (قدرت روزنامہ)ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ ان سے نادر علی نے پوڈکاسٹ میں نامناسب اور بیہودہ سوالات کرکے انہیں نہ صرف تنگ کیا بلکہ انہیں شرمسار کرنے کی کوشش بھی کی . متھیرا نے حال ہی میں فہد انصاری کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی .

ان کی جانب سے پوڈکاسٹ میں کی جانے والی گفتگو کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے پوڈکاسٹ میں جانے کے اپنے تجربات بیان کیے .

متھیرا نے بتایاکہ وہ تابش ہاشمی اور مورو سمیت دیگر شخصیات کے پوڈکاسٹ میں شرکت کر چکی ہیں اور انہیں کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، ان کے پروگرامات تفریح اور تفریح پر مبنی تھے .

تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ لیکن انہوں نے خود کو نادر علی کے پوڈکاسٹ میں غیر محفوظ تصور کیا، جہاں میزبان نے ان سے نامناسب اور بیہودہ سوالات کیے . متھیرا نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر نادر علی کی عزت کرتی ہیں، وہ اچھے شخص ہیں لیکن پوڈکاسٹ میں ان کا طرز عمل مختلف تھا . انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی کسی بھی شخص کو پوڈکاسٹ یا پروگرام میں بلاتا ہے تو مہمان کی عزت کی جانی چاہیے . اداکارہ و ماڈل نے کہا کہ نادر علی نے پوڈکاسٹ میں عجیب عجیب حرکتیں کیں، ان سے ایسے سوالات کیے، جن سے انہوں نے خود کو غیر محفوظ سمجھا .

متھیرا نے مزید کہا کہ ان کا خیال ہے کہ نادر علی نہ صرف ان کے بلکہ تمام خواتین کے خلاف ہیں اور ان کا تقریبا ہر خاتون مہمان کے ساتھ ایسا ہی نامناسب رویہ ہوتا ہے، وہ انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں . ان کا کہنا تھا کہ مزاح اور بیہودگی میں فرق ہوتا ہے لیکن نادر علی کے سوالات مزاح اور تفریح کے لیے نہیں، دوسروں کو نیچا دکھانے کے لیے ہوتے ہیں، وہ بیہودہ سوالات کرتے ہیں اور انہیں ان کے شو میں جانے کے فیصلے پر افسوس ہے . خیال رہے کہ متھیرا نے نومبر 2021 میں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جس کا دورانیہ 16 منٹ تھا اور مذکورہ پوڈکاسٹ کو یوٹیوب پر اب تک 31 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے .

. .

متعلقہ خبریں