میرے حاملہ ہونے سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا بند کی جائیں، کترینہ کیف نے بھارتی میڈیا کا منہ بند کر دیا

ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی اداکارہ کترینہ کیف نے ایک بار پھر اپنے حاملہ ہونے کی خبریں پھیلنے کے بعد مختصر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا بند کی جائیں .

بھارتی شوبز ویب سائٹ کے مطابق رواں ہفتے کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی افواہیں اس وقت بھارتی سوشل میڈیا پر زیر گردش کرنے لگیں جب کہ حال ہی میں اداکارہ کو ایئرپورٹ پر دیکھا گیا .

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کو ایئرپورٹ پر کوٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد مداحوں اور صارفین نے چہ مگوئیاں شروع کیں کہ اداکارہ نے حمل کو چھپانے کے لیے گرمیوں میں بھی کوٹ پہن رکھا ہے .

زیادہ تر مداحوں نے دعویٰ کیا کہ کترینہ کیف حمل سے ہیں اور جلد ہی وہ یا ان کی ٹیم اس متعلق تصدیقی بیان جاری کرے گی . حمل سے متعلق افواہیں پھیلنے کے بعد اداکارہ کی پبلک ریلیشن (پی آر) ٹیم نے اداکارہ سے منسوب بیان جاری کردیا، جس میں حمل کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا گیا . ویب سائٹ کے مطابق ٹیم کی جانب سے اداکارہ کے نام سے جاری کردہ بیان میں میڈیا ہاؤسز سے التجا کی گئی کہ وہ اداکارہ کے حمل سے متعلق افواہیں پھیلانا بند کریں . ٹیم نے مزید بتایا کہ اداکارہ اس وقت اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں اور وہ بار بار ایسی افواہیں پھیلائے جانے سے تنگ آ چکی ہیں .

حیران کن بات یہ ہے کہ کترینہ کیف گزشتہ برس بھی اپنے حاملہ ہونے کی تردید کر چکی ہیں جب کہ بھارتی میڈیا میں ہر 6 ماہ بعد کترینہ کیف کے حمل سے متعلق دعوے اور خبریں شائع کی جاتی رہی ہیں . مئی 2024 میں بھی کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی خبریں پھیلی تھیں، جس پر اداکارہ کی ٹیم نے وضاحت جاری کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا .

کترینہ کیف کے اُمید سے ہونے کی خبریں اپریل 2023 اور 2022 میں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں ایسی خبروں کو اداکارہ کے قریبی ذرائع نے جھوٹا قرار دیا تھا . کترینہ اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 میں شادی کی تھی اور شادی کے بعد بھی دونوں متعدد فلموں میں دکھائی دے چکے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں