سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے عمران خان کے پروڈکشن سے متعلق رپورٹ طلب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیسز میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے پروڈکشن سے متعلق رپورٹ طلب کرلی جبکہ جج طاہرعباس سپرا نے غیر حاضر ملزمان کے بلاضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آخری موقع ہے اگر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی نہ بنائی گئی تو ضمانتیں خارج کردی جائیں گی .

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق انسدا دہشت گردی عدالت کے جج طاہرعباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، عمر ایوب سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی اور گولڑہ تھانے میں درج مقدمات کی سماعت کی .

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ بانی پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ سمیت 176 ملزمان کا چالان آگیا ہے . وکیل سردارمصروف نے کہا کہ اسد عمر اس کیس سے ڈسچارج ہوچکے ہیں .

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ جو ملزمان غیر حاضر ہیں، ان کے بلا ضمانتی وارنٹ جاری کررہے ہیں، آخری موقع ہے، اگر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی نہ بنائی گئی تو ضمانتیں خارج کردی جائیں گی .

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی .

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور عمر ایوب سمیت 200 سے زائد افراد پر توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات درج ہیں .

پی ٹی آئی ارکان نے 18 مارچ 2023 کو عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی تھی، توڑ پھوڑ کیسز میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر قیادت پر ایما کا الزام ہے، توڑ پھوڑ کیسز میں علی نواز اعوان ، عمر ایوب اور علی امین گنڈا پور عبوری ضمانت پر ہیں .

. .

متعلقہ خبریں