ماڈل زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کے کیس میں شوہر کی عبور ی ضمانت خارج

لاہور(قدرت روزنامہ ) سابقہ پاکستانی اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کے کیس میں اُن کے شوہر محمد جمیل کی عبوری ضمانت خارج کردی گئی .

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج قمرعباس نے سماعت کرتے ہوئے سابقہ ماڈل کے شوہر محمد جمیل کی عبوری ضمانت خارج کردی .

عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر زینب جمیل کے شوہر محمد جمیل عبوری ضمانت مسترد کی، ملزم محمد جمیل کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، ملزم پر اپنی اہلیہ پر فائرنگ کروانے کا الزام ہے .

واضح رہے کہ مئی میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں زینب جمیل پر اُن کے سیلون کے باہر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، سابقہ اداکارہ کی گاڑی جیسے ہی اُن کے سیلون کے باہر آکر رُکی تھی تو اسی دوران موٹرسائیکل سوار 2 حملہ آور آئے تھے اور زینب جمیل پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے .

اس قاتلانہ حملے میں زینب جمیل کو 6 گولیاں لگی تھیں، بعدازاں اُنہوں نے دورانِ علاج اسپتال سے بیان جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کا الزام شوہر محمد جمیل پر عائد کیا تھا .

دوسری جانب ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق زینب جمیل پر براہ راست فائرنگ کرنے والے شوٹرز کا تعلق کراچی سے ہے، شوٹرز ہوائی جہاز پر کراچی سے لاہور آئے اور براستہ سڑک واپس گئے .

. .

متعلقہ خبریں