پلاسٹک کی آلودگی کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے: مریم نواز

لاہور (قدرت روزنامہ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پلاسٹک کی آلودگی ماحولیاتی خطرہ ہے اور اسے ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے .
ورلڈ پلاسٹک بیگ فری ڈے پر ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ہم صوبہ بھر میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ختم کرنے کے لئے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں .

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی ایک بڑا ماحولیاتی خطرہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے فیصلہ کن اقدام کرنا ہماری ذمہ داری ہے، شہری پلاسٹک بیگ کی پیداوار، فروخت اور استعمال پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں . مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پنجاب کو پلاسٹک فری بنانا ہے جہاں ہماری ندیاں، پارکس اور شہر پلاسٹک کی آلودگی سے پاک ہوں، نو ٹو پلاسٹک مہم کا مقصد پلاسٹک کو کم کرنا اور پائیدار متبادل کو فروغ دینا ہے، پلاسٹک کا استعمال محدود کرنے سے ہم آنے والی نسلوں کے لئے صاف اور صحت مند ماحول کو یقینی بنا سکتے ہیں .
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہری پلاسٹک بیگ کی جگہ بائیو ڈی گریڈایبل بیگز استعمال کریں، پلاسٹک کے ہمارے صحت اور ماحول پر مضر اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ماحول دوست متبادل کو اپنانے سے ماحولیاتی اثرات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے .

. .

متعلقہ خبریں