حنا خان کی کیموتھراپی سے قبل بال کٹوانے کی ویڈیو وائرل، والدہ رو پڑیں

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے کیموتھراپی سیشن سے قبل بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی جس میں اُن کی والدہ کو روتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے .

چھاتی کے کینسر کی شکار حنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو جاری کی جس میں اُنہیں کینسر کے علاج کے لیے اپنے لمبے بال کٹواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کی شروعات میں اداکارہ کی والدہ کی آواز بھی سُنی جاسکتی ہے جوکہ بیٹی کے بال کٹنے پر رو رہی تھیں .


حنا خان نے بال کٹواتے ہوئے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور بسم اللہ پڑھ کر چہرے پر مُسکراہٹ لیے سکون سے اپنے بال کٹواتی رہیں لیکن آخر میں اداکارہ کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں، اُن کی والدہ نے اپنی بیٹی کو پیار کیا جبکہ ویڈیو دیکھ کر مداح اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار بھی جذباتی ہوگئے .

اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی جاری کیا، جس میں اُنہوں نے کہا کہ آپ ویڈیو کے پسِ منظر میں میری والدہ کے رونے کی آواز سُن سکتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اُن کی بیٹی ایسی تکلیف میں مبتلا ہوجائے گی .

اُنہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو، اُن تمام مرد و خواتین کے لیے ہے جو کینسر کی جنگ لڑ رہے ہیں، میں جانتی ہوں کہ بال کٹوانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ بالوں سے ہی ہر انسان کی خوبصورتی ہوتی ہے لیکن اگر آپ کو اتنی مشکل ترین جنگ کا سامنا ہے تو آپ کو اپنے بال کھونے پڑیں گے، اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوں گے .

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by 𝑯𝒊𝒏𝒂 𝑲𝒉𝒂𝒏 (@realhinakhan)

حنا خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی، میں نے اس جنگ کے پہلے مرحلے میں اپنے خوبصورت بالوں کو کٹوانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میں نے محسوس کیا ہے کہ میرا اصل تاج میرے بال نہیں بلکہ میری ہمت، میری طاقت اور میری اپنے لیے محبت ہے .


اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے بالوں کو اچھی وِگ بنانے کے لیے استعمال کروں گی، مجھے معلوم ہے کہ مکمل صحتیابی کے بعد، میرے بال واپس اُگ جائیں گے، بھنویں واپس آجائیں گی اور زخم کے نشانات بھی مٹ جائیں گے .

اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی کہانی اور کینسر کے علاج کے اپنے سفر کو ریکارڈ کررہی ہوں تاکہ میری وجہ سے ہر مریض کو ہمت اور حوصلہ مل سکے . حنا خان نے مزید کہا کہ خدا ہمارے درد کو آسان کرے اور ہمیں فتح حاصل کرنے کی طاقت دے، براہِ کرم! میرے لیے دعا کریں .

. .

متعلقہ خبریں