بھارتی ٹیم کا استقبال، روہت شرما کو ادھیڑ عمر خاتون کے بوسے، ویڈیو وائرل ہوگئی

ممبئی (قدرت روزنامہ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم گزشتہ شب ممبئی ایئر پورٹ پر ہہنچی جہاں اُن کا تاریخی استقبال کیا گیا .

روزنامہ جنگ کے مطابق اپنے ہیروز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ممبئی شہر سمندر کنارے امڈ آیا .

اس دوران میرین ڈرائیو پر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ’وکٹری پریڈ‘ ہوئی .

دوسری جانب ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں بھارتی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا . ٹیم کو ویلکم کرنے کے لیے ہر عمر کا فرد سٹیڈیم اور سمندر کنارے موجود تھا .

اس ایونٹ کے نتیجے میں جہاں بھارتی کئی طرح کی مشکلات اور نقصان سے دو چار بھی ہوئے وہیں کچھ دلچسپ ویڈیوز بھی سامنے آ رہی ہیں . بھارتی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک بزرگ خاتون بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو بار بار چوم رہی ہیں .

اس دوران روہت شرما دیوار کے ساتھ لگے کھڑے رہے جبکہ معمر خاتون روہت کا کبھی ماتھا تو کبھی گال چومتی رہیں اور والہانہ انداز میں اپنے قومی ہیرو کو پیار کرتی رہیں .

اس موقع پر روہت شرما کے چہرے پر ناگواری ضرور نظر آئی مگر انہوں نے تحمل مزاجی کے ساتھ خاتون کو پیار کرنے دیا، یہ ویڈیو بھارتی ٹیم کے اسٹیڈیم میں استقبال کے دوران بنائی گئی ہے . رش کے باعث ویڈیو میں خالی کرو، خالی کرو کی مسلسل آوازیں آ رہی ہیں، یہ جملہ خود روہت شرما بھی بولتے نظر آئے .

یاد رہے کہ فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر 17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل حاصل کیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں