’عبدالرزاق نے جوانی میں بھی ایسا کیچ نہیں پکڑا ہوگا‘، 44 سالہ کھلاڑی کا غیر معمولی کیچ وائرل

انگلینڈ(قدرت روزنامہ)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئن نے آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز کو ہرا کر مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی . ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 169 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان نے 29 رنز سے میچ جیت لیا .

پاکستان چیمئن کی جانب سے مسلسل دوسری فتح پر شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں، جہاں صارفین ان کھلاڑیوں کا موازنہ موجودہ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں سے کرتے نظر آتے ہیں وہیں ان کی فٹنس کی داد دیتے بھی نہیں تھک رہے .

سوشل میڈیا پر پاکستان چیمپئن کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سابق آل راؤنڈر عبدا لرزاق کو سہیل تنویر کی گیند پر شاندار کیچ پکڑتے دیکھا جا سکتا ہے . اس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں . ایک صارف کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق نے اپنے عروج کے وقت پر پاکستانی ٹیم میں کھیلتے ہوئے کبھی ایسا کیچ نہیں پکڑا ہوگا .

حسین نامی صارف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیم میں شامل کریں تاکہ وہ پاکستان کے لیے کھیل سکیں .


واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا . شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پہلے میچ میں کامیابی کا موجب بننے والے کپتان یونس خان اور مصباح الحق دوسرے میچ میں ناکام رہے .

انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے سینئر کھلاڑی شامل ہیں . ٹیمیں 3 سے 13 جولائی تک ایکشن میں نظر آئیں گی .

شائقین شاہد آفریدی، یوراج سنگھ، ڈیل سٹین اور کیون پیٹرسن سمیت ماضی کے کئی نامور کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے . پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 6 جولائی کو ہو گا .

. .

متعلقہ خبریں