کراچی میں موسلا دھار بارش کا آغاز ہو گیا، تیز ہواوں سے موسم خوشگوار
کراچی (قدرت روزنامہ)شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز موسلا دھار بارش کا آغاز ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل، اسٹیڈیم روڈ، گلشن اقبال اور ملیر میں تیز بارش ہورہی ہے جب کہ ساتھ میں ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔اس کے علاوہ نمائش چورنگی، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں دوپہر کے بعد کہیں آندھی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش متوقع ہے، دوپہر کے بعد کہیں آندھی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹےکے دوران موسم گرم اورمرطوب رہنےکاامکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکاامکان ہے، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 59فیصد ہے۔