موٹر وے پولیس نے فرض شناسی اور ایمانداری کی شاندار مثال قائم کردی

لاہور (قدرت روزنامہ) موٹر وے پولیس نے فرض شناسی اور ایمانداری کی شاندار مثال قائم کردی ، خاتون مسافر ریسٹ ایریا میں تقریباً ڈھائی لاکھ روپے مالیت کا قیمتی موبائل فون بھول گئی‘ موٹر وے پولیس نے منٹوں میں موبائل فون ڈھونڈ کر خاتون کے حوالے کردیا‘ قیمتی فون واپس ملنے پر خاتون نے موٹروے پولیس کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی . اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق خاتون صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہر رحیم یار خان سے صوبائی دارلحکومت لاہور کی طرف سے سفر کر رہی تھی کہ اس دوران خاتون اپنا قیمتی موبائل سروس ایریا میں بھول گئی جس کے بعد خاتون نے موٹر وے پولیس ہیلپ لائن پر موبائل فون گمشدگی کی اطلاع دی تو 2 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون تلاش کر کے خاتون مالک کے حوالے کر دیا گیا .

اس سے پہلے رواں برس جولائی میں ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے نقدی اس کے مالک کے حوالے کیے گئے تھے ، ذرائع موٹروے پولیس کے مطابق ابراہیم اسلام آباد سے پشاور کی جانب سے موٹر وے پر سفر کر رہا تھا ، جس کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تو ایک ڈرائیور نے رقم کے بارے میں موٹروے پولیس کو اطلاع کی ، جس پر موٹروے پولیس نے ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے نقدی اس کے مالک کے حوالے کر دیئے . قبل ازیں موٹروے پولیس نے مرکزی شاہراہ سے ملنے والے فائل فولڈر میں موجود 1 لاکھ گیارہ ہزار روپے اور تعلیمی اسناد مالک کے حوالے کی تھیں ، ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق قومی شاہراہ پر میاں چنوں کے قریب فائل فولڈر ملا ، جس میں 111000روپے ، تعلیمی اسناد اور دیگر قیمتی اشیاء موجود تھیں ، موٹروے پولیس نے فائل میں موجودکاغذات پر لکھے پتے سے مالک کو ڈھونڈ لیا اور قیمتی اشیاء کو مالک کے حوالے کردیا . . .

متعلقہ خبریں