نوادرات و زیورات کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ بلوچستان قیمتی پتھروں، دھاتوں اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے. یہاں جیمز اینڈ جیولری انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرکے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ بآسانی مبذول کروائی جا سکتی ہے. انہوں نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے ہمیں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاک بلوچستان جیمز اینڈ منرلز کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا. افتتاحی نمائش کے موقع پر صوبے بھر سے مائنز اینڈ منرلز کے شعبے سے تعلق رکھنے والے تاجر حضرات موجود تھے. گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے پاک بلوچستان جیمز اینڈ منرلز کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مائنز اینڈ منرلز مالکان کو تحفظ دینے سے نہ صرف صوبہ میں مجموعی طور پر زندگی کا معیار بلند ہوگا بلکہ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہو جائینگے. انہوں نے کہا کہ انڈسٹریوں کے قیام سے ہم اپنے صوبے کے دستیاب معدنیات اور وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کے قابل بن سکتے ہیں . اس کے علاوہ یہاں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں اور موجودہ حکومت بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے لہذا ضروری ہے کہ وہ دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں .

گورنر بلوچستان نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ بہت جلد ہماری کوششوں سے بلوچستان پائیدار معاشی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا . . .

متعلقہ خبریں